Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز کیلئے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان

 
ممبئی: ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ انگلینڈ کیخلاف ہونے والی5 ٹیسٹ کی سیریز کے ابتدائی 3 میچوں کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کئے جانے والے فاسٹ بولر محمد شامی واپس آگئے ہیں جبکہ نوجوان اسپنر کلدیپ یادو بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے اسپنر کلدیپ یادو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ روایتی فارمیٹ میں بھی کامیاب رہیں گے۔ ون ڈے اوپنر روہت شرما ایک عرصے سے ٹیسٹ ٹیم میں متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ا نہیں اس سیریز کیلئے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو انجری مسائل کے باوجود اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے مگر میچوں میں ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی۔انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر بھوونیشور کمار کی فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھوونیشور کمار نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ڈاکٹر ان کی انجری کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ میڈیکل پینل کی رپورٹ کی روشنی میں ان کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دستیابی کے بارے میں فیصلہ ممکن ہو سکے گا۔ ویرات کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان اجنکیا راہانے، شیکھر دھون، لوکیش راہول، مرلی وجے، چتیشواڑپجارا، کرون نائر، دنیش کارتھک، ریشبھ پنٹ، روی چندرن ایشون، رویندر جڈیجا، کلدیپ یادو، ہردک پانڈیا، ایشانت شرما، محمد شامی،امیش یادو، جسپریت بمرا اور شردل ٹھاکر شامل ہیں ۔انگلینڈ اور ہند کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہو گا ۔

شیئر: