Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایدھی کی خدمات کا احاطہ چند الفاظ میں ممکن نہیں، وہ ایک ادارہ تھے

زبیر پٹیل ۔  جدہ
میمن ویلفیئر سوسائٹی(ماسا)نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کے دوسرے سال پر ایک تعریتی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز مقامی ریستوران  میں کیا۔جس میں ایدھی کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی قونصلیٹ کے ویلفیئر ونصلر نجیب اللہ درانی تھے۔ تقریب کے اسپانسر یونس حبیب اور محمد بدیع تھے۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
     تقریب کا آغاز حافظ محمد احمد مکی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اسکے بعد احمد عرفان نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ بعدازاں عبدالستار ایدھی کی خدمات کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم پیش  کی گئی جسے حاضرین نے بیحد پسند کیا۔اس موقع پر ماسا کے صدر عرفان کولسا والا نے  خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ایدھی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان جیسی شخصیت سالوں میں پیدا ہوتی ہے۔
    ماسا کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے اس موقع پر کہا کہ ایدھی نہ صرف قومی ہیرو تھے اور ہیں بلکہ ان کا نام اور کام آج بھی ہماری قوم کیلئے سرمایہ افتخار ہے جس پر میمن برادری کو ہمیشہ فخر رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی نے صرف نہ صرف میمن برادری ، پاکستانیوں  اور مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کیلئے اپنی سماجی خدمات بلا امتیاز پیش کیں۔ اشفاق بدایونی نے عبدالستار ایدھی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایدھی فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ تھے اور انکے جاری کردہ کام آج بھی باقاعدگی سے جاری ہیں۔
    تقریب کے مہمان خصوصی ویلفیئر قونصلر  نجیب اللہ درانی نے کہا کہ مختلف حالات اور واقعات نے عبدالستار ایدھی کو  انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن کیا۔ انہوں نے زوردیکر کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو ایسے قومی ہیروز کے بارے میں آگاہ کرنا چاہئے جو انسانی زندگی کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایدھی صاحب کی خدمات کو چند الفاظ  میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے میمن ویلفیئر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے ہیروز پر پروگرام منعقد کرنے پر ماسا مبارکباد کی مستحق ہے۔ اپنے خطاب میں ویلفیئر قونصلر نے کمیونٹی کیلئے سفارتخانے کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کی تفصیلات بھی بیان کیں جنہیں حاضرین نے بڑی دلچسپی سے سنا۔
    میمن ویلفیئر سوسائٹی  نے ایدھی کے حوالے سے ہر سال’’ ایدھی ایوارڈ‘‘ کسی بہترین سماجی کارکن کو دینے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں اس سال پہلا ایدھی ایوارڈ کیلئے محمد یونس حبیب گولی کو قرار دیا گیا۔ جنہیں مہمان خصوصی نے اپنے دست مبارک سے ایوارڈ سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر نائب صدر یونس حبیب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض جاوید خیرانی اور سراج آدمجی نے  بڑی خوبصورتی سے انجام دیئے ۔ جناب ااحمد کمال مکی، عبدالقادر افریقہ والا، صادق  سوراٹھیا ، سراج آدمجی ، جاوید خیرانی نے تقریب کے  انتظامات میں بھرپور کرداراد ا کیا ۔ آخر میں مہمانوں کی تواضع روایتی کھانوں سے کی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -اب پاکستان درست سمت میں چلے گا، پی ٹی آئی ریاض

شیئر: