Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقدس شہروں کے علاوہ عازمین دیگر شہروں میں نہ جائیں ، ڈاکٹر یوسفانی

طائف جانےوالے گرفتار10 عازمین کو رہاکروالیا گیا ، دیگر شہروں اور مقامات پر جانا مقامی قانون کی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے ، ڈائریکٹر جنرل حج کی اردونیوز سے گفتگو 
مکہ مکرمہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ طائف سے واپس آنے والے گرفتار عازمین کو حج مشن نے اپنی ضمانت پر رہا کروا لیا ہے ۔ پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آنے والے عازمین حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ دیگر شہروں میں جانے سے گریز کریں ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل حج نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان سے آنے والے 10 عازمین حج جو طائف گئے تھے واپس آتے ہوئے پولیس نے انہیں مکہ مکرمہ کی داخلی چوکی سے گرفتار کر لیا تھا ۔ عازمین کی گرفتار ی کی اطلاع ملتے ہی حج مشن کے اہلکار وں نے مقررہ تھانے سے رابطہ کیا جہاں انہیں رکھا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق عازمین کو مکہ مکرمہ سے باہر جانے کی اجازت نہیں جس پر انہیں حراست میں لیا گیا تھا ۔ حج مشن کی ضمانت پر ان عازمین کو رہا کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر یوسفانی نے پاکستانی عازمین کو مطلع کیا ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ دیگر شہروں کا سفر نہ کریں ۔ عازمین حج اگر اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے جدہ بھی جائیں تو اسکی حج مشن سے اجازت حاصل کرلیں ۔ حج مشن کواطلاع دیئے بغیر کہیں سفر نہ کریں ۔ ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ بعض عازمین حج مقام بدر اور دیگر مقامات پر جاتے ہیں فریضہ حج پر آنے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ مقامی قوانین کے مطابق عازمین حج کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور ایام حج میں مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت ہوتی ہے دیگر شہروں میں عازمین کو جانے کی مقامی قوانین اجازت نہیں دیتے خلاف ورزی کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔واضح رہے حج سیزن میں مکہ مکرمہ میں بغیر اجازت ناموں کے کسی کو داخل ہونے نہیں دیا جاتا۔ اس ضمن میں شہر مقدس داخل ہونے والے تمام راستوں کی سختی سے نگرانی کی جاتی ہے تاکہ بغیر اجازت نامے کے کوئی مقامی یا غیر ملکی داخل نہ ہو ۔ داخلی راستوں کی چیک پوسٹوں پر 24گھنٹے سیکڑوں اہلکاروں کی ذمہ داری لگائی جاتی ہے جو حج اجازت نامے دیکھنے کے بعد آنے والوں کو مکہ مکرمہ جانے کی اجازت دیتے ہیں جن کے پاس اجازت نامے نہیں ہوتے انہیں لوٹا دیا جاتاہے ۔ اگرمتعدد بار داخل ہونے کی کوشش کی جائے تو ایسے افراد کو گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔ گزشتہ ہفتے 10 پاکستانی عازمین بغیر اجازت کے اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ طائف چلے گئے تھے جنہیں واپس آتے ہوئے مکہ مکرمہ کی چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ عازمین کی گرفتار ی کی اطلاع ملتے ہی پاکستان حج مشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ضمانت پر عازمین کو رہا کروا لیا ۔ 

شیئر: