Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 159سے شکست

 
لندن: ہند کو انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جب انگلینڈ نے ہند کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ایک اننگز اور 159 رنز سے جیت لیا اور5ٹیسٹ کی سیریز میں0-2کی برتری حاصل کر لی۔اس سے قبل انگلینڈ نے ہند کی پہلی اننگز 107آل آوٹ کے جواب میں پہلی اننگز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بنا کراننگز ڈیکلیئرکر دی تھی جس کی خاص بات آل راونڈر کرس ووکس کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری تھی۔ انھوں نے 137 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔کرس ووکس کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کے باعث مکمل طور پر ضائع ہو گیا تھا جبکہ چوتھے دن بھی 2مرتبہ کھیل روکنا پڑا اس کے باوجود انگلینڈ کو ہندکے بیٹسمینوں کا صفایا کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی۔کوہلی الیون کی دوسری اننگز میں صرف ہاردک پانڈیا اور روی چندر اشون نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز سے کچھ مزاحمت کر سکے جبکہ کپتان ویرات کوہلی کمر میں درد کے باعث پہلی اننگز میں 23اور دوسری اننگز میں 17رنز ہی بنا سکے۔ ان کے علاوہ تمام بلے باز ابر آلود موسم میں انگلینڈ کے سوئنگ بولروں کے سامنے بے بس نظر آئے اور دوسری اننگز میں ہند کی پوری ٹیم ایک بار پھر صرف 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔جیمز اینڈرسن نے 23 رنز اور ا سٹوئرٹ براڈ نے 44 رنز دے کر4،4 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے ہند کو 159رنز مزید درکار تھے۔ اس طرح انگلینڈ نے لندن میں کھیلا جانیوالا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ایک اننگز اور 159رنز کے واضح فرق سے جیت لیا۔سیریز کے پہلے اور انگلینڈ کے تاریخی ہزارویں ٹیسٹ کی طرح اس دوسرے میچ میں بھی پاکستانی علیم ڈار امپائر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ 

شیئر: