Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے دوران ہندوستانی مسلمانوں کیلئے شرپسندی سے نجات کی دعائیں کیجائیں، ندوی

خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ کے زیر اہتمام حج سیمینار ، مفتی محمد عمر ندوی اور مولانا محمد الیاس خطیب و امام مسجد توپ گوشہ محل حیدرآباد دکن کا خطاب، حیدرآبادی بریانی سے شرکاءاور حجاج کی ضیافت
جدہ ( امین انصاری ) خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ کے زیر اہتمام حج سیمینار کا اہتمام ٹرسٹ کے ٹرسٹیز شمیم کوثر، اعجاز احمد خان اور سید خواجہ وقار الدین کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا ۔ صدارت سینیئر ایگزیکیٹیو ممبر فاروق احمد نے کی ۔ معروف عالم دین اور خطیب مفتی محمد عمر ندوی اور مولانا محمد الیاس خطیب و امام مسجد توپ گوشہ محل حیدرآباد نے خطاب کیا ۔ سیمینار کا آغاز احمد حسن بایزید کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ حافظ و قاری سلیم قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض سید خواجہ وقار الدین نے انجام دیتے ہوئے مقررین کا تعارف پیش کیا اورخوش آمدید کہا۔ ٹرسٹ کے ایگزیکیٹو ممبر عمران کوثر نے ٹرسٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ فاروق احمد نے خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ حج سیمینار منعقد کرکے جدہ سے جانے والے حجاج کو مناسک حج اور مسائل سے آگہی کا کئی دہائیوں سے اہتمام کررہا ہے۔ مولانا مفتی محمد عمر ندوی نے فضائل حج اور مسائل پر سیر حاصل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کثرت سے ذکر و اذکار کریں ۔یوم عرفہ کا ایک ایک لمحہ برکتوں،رحمتوں اور بخششوں کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ظہر کے ساتھ ہی دعاو¿ں کی قبولیت کا وقت شروع ہوجاتا ہے لہذا حجاج کرام اپنے رب سے مناجات کریں اور رب کو منانے کیلئے شدت سے دعاو¿ں کا اہتمام کریں ۔چوتھا کلمہ ، سورہ اخلاص ،درود ابراہیم کثرت سے پڑھیں ۔آپ کی عبادت پر اللہ تعالیٰ فرشتوں میں فخر کرتا ہے اور بخشش کی نوید عطا کرتا ہے ۔مولانانے ہدایت کی کہ منیٰ کے قیام کے دوران فضول گفتگو اور موبائل کے بیجا استعمال سے اجتناب کریں۔ یہ تین دن بہت ہی قیمتی ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ اپنے دلوں کو حج کی سعادت کے بعد پاک کرلیں ۔روٹھے ہوئے احباب کو منائیں کیونکہ اللہ تو اپنے بندوں کے گناہوں کو اپنی رحمت سے معاف کرسکتا ہے مگر اپنوں کی دل آزاری اور حقوق کی پامالی کی معافی نہیں کرتا۔ مولانا نے کہا کہ حج ایثار اور قربانی کا نام ہے ہمیں ہر گام پر صبر و تحمل اور عفو درگزر سے کام لینا ہوگا۔قابل مبارکباد ہیں وہ حجاج جو اپنا قیمتی وقت رب کائنات کی عبادت میں گزار کر اپنی آخرت سنوار لیتے ہیں ۔ مولانا محمد الیاس نے کہا کہ حجاج جب سفر کی نیت کرتے ہیں تو وہ اللہ کے مہمان ہوجاتے ہیں اور سفر حج پر اٹھنے والا ایک ایک قدم راہ ا للہ میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ضیوف الرحمان جب لبیک کی صدا لگاتے ہیں تو اللہ تعالی فرشتوں میں فخر کرتا ہے کہ میرے بندے اپنا گھر بار حتی کہ لباس اور خوشبو کو بھی ترک کرکے میرے احکام کی پابجائی کیلئے کھلے میدان میں جمع ہوگئے ہیں۔ انہو ںنے حجاج سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں کی سرخروئی اور خاص کر ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں کی شرپسندی سے محفوظ رہنے کی دعائیں مانگیں ۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئندقرار دیا ۔ اس موقع پر حجاج نے مفتی عمر ندوی سے سوالات کرکے اپنی معلومات میں اضافہ بھی کیا ۔ اعجاز احمد خان کے شکریہ پر سیمینار کا اختتام عمل میں آیا ۔ شرکاءاور حجاج کی حیدرآبادی بریانی سے ضیافت کی گئی ۔

شیئر: