Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد .... نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا۔صدر ممنون حسین نے عہدے کا حلف لیا۔عمران خان نے تقریبِ حلف برداری کے لئے خصوصی طور پر شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی۔تقریب میں سابق نگراں وزیر اعظم جسٹس(ر) ناصرالملک، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، امیر البحر ظفر محمود عباسی اور غیر ملکی سفیر شریک ہوئے۔عمران خان کے ساتھ 1992 کا ورلڈکپ کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹارز رمیز راجا، انضمام الحق، وقار یونس، وسیم اکرم، عاقب جاوید، مشتاق احمد اور دیگر سمیت فلمی ستارے موجود تھے۔خصوصی دعوت پر پاکستان آئے سابق کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے۔حلف برداری کے بعد عمران خان وزیر اعظم ہاوس پہنچے۔مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا۔ عمران خان نے وزیر اعظم ہاوس کے عملے اور دیگر ارکان سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا۔بعد ازاں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ نے سرکاری رہائش کا دورہ کیا۔ دریں اثناء عمران خان کے چارج سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 91(5) کے تحت وزیر اعظم کے اختیارات منتقل ہوگئے۔ نگراں وزیر اعظم ناصرالملک سمیت 8 نگراں وزرا کی سبکدوشی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
مزید پڑھیں:عمران خان حلف برداری میں کیا پہنیں گے؟

شیئر: