Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نظریاتی ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا،مولانا عبدالمالک مجاہد

  اوورسیرز پاکستانی ہر اس اقدام کی مذمت کریں گے جو ملک میں بگاڑ کا باعث بنے گا،  وطن کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے ، جشن آزادی کی تقریب سے  مقررین
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
 پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے یوم آزادی کی  تقریب منعقد ہوئی جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ ادبی،سماجی اور مذہبی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی بھرپور شرکت کی ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن ریاض کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ  یوم آزادی کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی عزت اور اس کی سربلندی کے لئے کام کرنا ہے۔ رنگ ونسل کے فرق کو مٹا کر ہمیں آگے بڑھنا ہے اور قائداعظم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو ہر قسم کی لسانیت سے پاک بنا کر آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ پاکستان دینا ہے ۔  پاکستان مسلم لیگ( ن) کا یہ شیوہ رہا ہے کہ اس نے ہمیشہ ملک و قوم کی بہتری کے لئے کام کیا ہے  ۔ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ جمہوریت کو اتنا مضبوط بنائیں کہ ملک جمہور کے ہاتھوں میں رہے اور ہمیشہ ترقی کرتا رہے۔ سرپرست اعلی چوہدری عبدالمجید گجر کا کہنا تھا کہ   پاکستان کی  مٹی سے ہمیں نا صرف پیار ہے بلکہ  اس کے لئے ہم پردیس میں بیٹھے فکرمند بھی رہتے ہیں۔ قائداعظم نے پاکستان کی داغ بیل بھی جمہوری انداز میں رکھی تھی اور کہا  تھا کہ جمہوریت ہی ملک کو آگے لیکر جائیگی۔ پاکستان کو مکمل اسلامی جمہوریہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے سیاست دانوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا ۔  اوورسیرز پاکستانی ہر اس اقدام کی مذمت کریں گے جو ملک میں بگاڑ کا باعث بنے گا۔احسن عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار اور اس کی مضبوطی بھی ووٹ کی طاقت میں ہی ہے۔پاکستان کے سیاست دان حقیقت میں شاندار لوگ ہیں کیونکہ سیاست دانوں نے پاکستان کی بہتری کے لئے سب سے زیادہ قربانی دی  ۔مولانا عبدالمالک مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان نظریاتی ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا مگر بدقسمتی سے ابھی تک وہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو پایا ۔ وہ خواب لیکر قائداعظم چلے تھے اور دیگر قائدین کے ساتھ لاکھوں مسلمانوں نے اس خواب کی تعبیر کے لئے جدوجہد کی تھی۔ تقریب سے ریاض راٹھور،رانا عبدالروف،اقبال ودود، طلحہ بن ظہیر،، چوہدری ندیم ، سردار شعیب، الیاس رحیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس کے علاوہ رانا خادم نے پنجابی نظمیں سنا کر خوب محظوظ کیا تقریب کی نظامت چوہدری خادم بجاڑ نے کی تقریب میں ملی نغمے بھی پیش کئے گئے جن پر شرکاء نے پرچم لہرا کر خوشی کا اظہار کیا آخر میں پاکستان کی 71ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان ہمارے اجداد کی بیش بہاقربانیوں کا ثمر ہے، عدنان ناصر

شیئر: