Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منیٰ: حجاج کرام کا دوسرا دن بخیر وخوبی گزر گیا

 منیٰ........ حجاج کرام نے بدھ کودوسرے دن کی بھی رمی بخیر و خوبی انجام دی ۔ اس دوران کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق بیرون و اندرون مملکت سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام نے دوسرے دن کی رمی مکمل کی۔ بدھ کو دن بھر بیرون اور اندرون ملک حجاج نے رمی کی۔حجاج کرام کوگروپس اورطے شدہ اوقات کار کے جدول کے مطابق رمی کی۔ منظم انداز میں رمی کرنے سے جمرہ میں ہونے والا غیر معمولی ازدحام نہیں رہا۔ جمرہ کے پاس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے جو اس بات کا خاص خیال رکھتے رہے کہ آنے والے راستے سے کسی کو واپس جانے نہ دیا جائے ۔ جمرہ پر اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے حجاج کی مسلسل نگرانی جاری رہی جبکہ ہلال احمر کی گشتی اور مستقل ٹیمیں جمرہ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود رہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف نے حج سیکیورٹی میں شامل مجاہدین فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مجاہدین فورس کے رہنما جنرل منصور بن عبد اللہ الشدی نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے حجاج کی سلامتی اور خدمت میں تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے حج سیکیورٹی فورس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ادھر محکمہ پاسپورٹ نے حج قوانین کی خلاف ورزی پر 99افراد کیخلاف کارروائی کی۔ یہ لوگ اجازت نامے کے بغیر حج کرنے مشاعر مقدسہ پہنچے ہوئے تھے۔ مشاعر مقدسہ سے پکڑے جانے والے غیر قانونی حاجیوںکو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان میں سے جو غیر ملکی تھے انہیں سزا کے بعد مملکت سے بیدخلی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ مشاعر مقدسہ سے گرفتار کئے جانے والے 15غیر قانونی تارکین وطن حاجیوں کو مملکت سے بیدخل کرنے کیلئے ادارہ ترحیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ جانے والے راستوں پر واقع چوکیوں پر حج ایام کے دوران 565غیر قانونی حاجیوں کو پکڑا گیا ہے۔ جن پر مجموعی طور پر 61لاکھ 50ہزار ریال جرمانہ او رمجموعی طور پر 1860دن قید کی سزا سنائی گئی۔جن غیر ملکیوں کو حج قوانین کی خلاف ورزی پر مملکت سے بیدخل کیا جائیگا وہ آئندہ 10سال کیلئے بلیک لسٹ ہوجائیں گے۔محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طورپر حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے ڈرائیوروں کو 6ماہ قید اور 50ہزار ریال جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ 

شیئر: