Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں بنگالیوں اور افغانیوں کو شہریت ملے گی؟

کراچی...وزیراعظم عمران خان نے کراچی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں پانی کا مسئلہ حل کریں گے۔ سرکلر ریلوے کا آغاز اور ناردرن بائی پاس کو ڈیولپ کریں گے۔2ماہ میں صوبائی حکومت نے کچرا نہ اٹھایا تو وفاقی حکومت اس ضمن میں اقدامات کرے گی۔گورنر ہاوس کراچی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے ۔کراچی کی ایک تاریخ ہے یہاں سب سے زیادہ پڑھے لکھے اور سیاسی شعور رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔ یہ شہر پورے پاکستان کا سیاسی ایجنڈاطے کرتا تھا۔ جب کراچی تنہا ہوا تو پورے پاکستان کو نقصان پہنچا، ایک دور تھا کہ کراچی میں سیاست کرنا چاہتے تھے لیکن خوف تھا کہ گھر سے نکلیں گے تو واپس پہنچیں گے بھی کہ نہیں لیکن اب ایسا نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام اس لئے نہیں کریں گے کہ ہمیں ووٹ ملے بلکہ پاکستان کے استحکام کے لئے کراچی میں کام کریں گے۔ کراچی کو نقصان پہنچا تو پورے پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔ اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے تاکہ پاکستان ترقی کرے۔کراچی کے مسائل پر بریفنگ لی ہے۔ سندھ گورنمنٹ کے ساتھ مل کر بھرپور کام کریں گے۔پانی اور کچرا کراچی کے بڑے مسائل ہیں۔عمران خان نے کہا کہ کراچی میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر پوری بریفنگ لی ہے۔ ٹارگٹ کلنگ بہت کم ہوگئی۔ اسٹریٹ کرائم کا معاملہ ابھی باقی ہے جس کی وجہ غربت اور ناخواندگی ہے۔ جرائم میں ایسے لوگ ملوث ہیں جو یہاں دیگر ممالک اور شہروں سے آئے۔ یہاں بنگلہ دیشی اور افغان موجود ہیں جن کے شناختی کارڈ نہیں بنتے اور نوکری نہیں ملتی وہ جرائم کی طرف راغب ہوجاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزارت داخلہ سے گزارش کروں گا کہ جو لوگ یہاں کئی دہائیوں سے موجود ہیں ان کے بچے پیدا ہوئے اور بڑے ہوگئے انہیں شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔ اگر آپ امریکہ پیدا ہوں تو قومیت ملتی ہے تو یہاں کیوں نہیں؟ انہیں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ د ئیے جائیں ان کی مدد کرکے اس طبقے کی بحالی کے لئے کام کیا جائے بالکل اسی طرح جس طرح چین نے چند برس میں 70 کروڑ افراد کو غربت کی دلدل سے باہر نکالا۔ ہماری حکومت افغانستان سے 50 برس قبل آنے والوں اور بنگلہ دیشیوں کو بھی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ جاری کرے گی اور ا نہیں پاکستان کا شہری بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ریلوے چلائیں گے ناردرن بائی پاس کو ڈیولپ کریں گے تاکہ شہر کا ٹریفک کا دباو کم ہوسکے۔ کراچی کا ماسٹر پلان بنائیں گے جہاں خالی جگہیں موجود ہیں وہاں درخت اگا کر کراچی کو گرین سٹی بنائیں گے۔

شیئر: