Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باپ کیلئے بیٹی کا ایثار،بغیر بتائے گردے کا نذرانہ پیش کردیا

ریاض..... 24 سالہ بیٹی ولاءاسماعیل عاشور الصائغ نے اپنے والد کو بتائے بغیرگردے کا نذرانہ پیش کرکے مسلسل 3سالہ تکلیف سے نجات دلادی۔ بیٹی کی جانب سے باپ کی خوشی کی خاطر قربانی کا یہ انوکھا انداز اہل خانہ ہی نہیں پورے معاشرے کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا۔ ولاءنے العربیہ نیٹ سے گفتگو میں کہا کہ میں مسلسل تین برس سے اپنے والد کو گردے کی تکلیف میں تڑپتا ہوا دیکھ رہی تھی۔ وہ گردے کی صفائی کیلئے جاتے تو انکے جسم میں لگائے جانے والے پائپ دیکھ کر مجھے بہت زیادہ دکھ ہوتا تھا۔ کئی بار میں نے انہیں گردے کا عطیہ قبول کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کی۔ حالیہ ایام میں وہ ہفتے میں 3بار گردے کی صفائی پر مجبور ہوگئے تھے۔ میں نے اپنے طور پر اسپتال والوں سے گردے کے عطیے کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے میرے مختلف ٹیسٹ لئے اور خاموشی سے مجھے یہ بتا دیا کہ تمہارا گردہ تمہارے والد کیلئے میچ کررہا ہے۔ والدہ اور خالہ سے اس کا تذکرہ کیا۔ دونوں نے میرے والد کو یہ کہہ کر کہ آپ کو رضاکارانہ طورپر گردہ دینے کیلئے ایک صاحبہ تیار ہیںپیوند کاری سے آپ مسلسل تکلیف سے بچ جائیں گے۔تبوک سٹی میں آرمی اسپتال نے پیوند کاری کے لئے دن اور وقت متعین کردیا۔ میں نے والد کے ساتھ جانے کی ضد کی۔ وہ آپریشن روم میں داخل ہوئے اور میں انکی لاعلمی میں دوسرے آپریشن روم چلی گئی۔ 7گھنٹے طویل آپریشن کے بعد گردے کی ٹرانسپلانٹیشن مکمل ہوگئی۔ بے ہوشی کے اثر سے والد کی آنکھ کھلی تو انہوں نے دائیں جانب مڑ کر دیکھا تو میں بھی انکے برابر کے بیڈ پر اسی لباس میں لیٹی ہوئی تھی جیسا لباس وہ خود پہنے ہوئے تھے۔ وہ سمجھ گئے کہ گردہ عطیہ کرنے والی میں ہی ہوں۔ میں نے والد کو یہ کہہ کر راضی کرلیا کہ یہ میرا کم از کم فرض تھا کہ آپ کو اپنا گردہ پیش کروں۔ آپ نے میرے اور خاندان کیلئے جتنی قربانیاں دی ہیں وہ بے شمار بھی ہیں اور غیر معمولی بھی۔ باپ نے یہ سن کر کہا کہ میری بیٹی نے جو کچھ کیا وہ باپ کے ساتھ کار خیر کی شاندار مثال ہے۔

شیئر: