Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتان سرفراز احمدپر پورا اعتماد ہے: انضمام الحق

دبئی:ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سب سے زیادہ تنقید کا سامنا کپتان سرفرازاحمد کو کرنا پڑا ہے اور کچھ حلقے کپتان کی تبدیلی کی بات بھی کرنے لگے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے سرفرازاحمد پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ کپتان کی تبدیلی مسئلے کا حل نہیں۔انضمام الحق پاکستان اے اورآسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جانے والے چار روزہ میچ کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم آتی جاتی رہتی ہے جبکہ کلاس مستقل ہوتی ہے اور موجودہ ٹیم باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل ہے جو پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آرہی تھی لیکن ایشیا کپ میں وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اب ان کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔بحیثیت چیف سلیکٹر مجھے اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ دوبارہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔کپتان سرفراز احمد کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شکست یتیم ہوتی ہے جسے کوئی قبول نہیں کرتا جبکہ فتح کے کئی سرپرست بن جاتے ہیں۔ اپنے کپتان پر پورا اعتماد ہے انہیں پوری حمایت اور حوصلہ دیں گے اور کپتان تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ ان کے پاس اٹھارہ سے بیس کھلاڑی موجود ہیں جنہیں ایک دو سال کی سخت محنت سے تیار کیا گیا ہے۔ایک آدھ تبدیلی تو معمول کی بات ہوتی ہے لیکن ٹیم میں بڑے پیمانے پر کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ انضمام الحق نے آوٹ آف فارم فخرزمان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں برقرار رکھے جانے کے بارے میں کہا کہ لوگ دو تین ناکام اننگز کے بعد ہی سلیکشن میں تبدیلی کی بات کرنے لگتے ہیں لیکن چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ان کی رائے آسانی سے تبدیل نہیں ہوتی کیونکہ وہ خود بیٹسمین رہے ہیں ۔یہی وہ فخرزمان ہیں جنہوں نے زمبابوے میں ڈبل سنچری سمیت کئی بڑی اننگز کھیلیں۔انضمام الحق نے تسلیم کیا کہ انہوں نے فخر زمان کو ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کرکے ایک طرح سے خطرہ مول لیا ہے لیکن یہ سوچ کر کہ وہ ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی ہیں اور اگر سیٹ ہوگئے تو ٹیم کے لیے بہت کارآمد ثابت ہونگے کیونکہ وہ لمبی اننگز کھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔اوپنر شان مسعود کو اچانک پاکستان اے ٹیم میں شامل کیے جانے کے بارے میں انضمام الحق کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف مایوس کن ٹیسٹ سیریز کے بعد شان مسعود کو فخر زمان اور امام الحق کی موجودگی میں موقع نہیں مل سکا لہذا سلیکشن کمیٹی نے یہ سوچ کر کہ وہ ایک اچھے بیٹسمین ہیں انہیں آسٹریلیا کے خلاف چار روزہ میچ میں موقع دیا گیا ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ پاکستان کی ہوم سیریز ہے جس میں ہم کسی بھی کھلاڑی کو اس کی ڈومیسٹک کرکٹ کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع دے سکتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: