Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ٹی10 لیگ کی کلیئرنس مل گئی

دبئی:محدود ترین طرز کی کرکٹ ٹی 10 لیگ کے چیئرمین نواب شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ان کی لیگ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے کلیئرنس مل گئی ہے۔دبئی میں ٹی 10 لیگ کے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شجیع الملک کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی10 لیگ میں آئی سی سی کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں اور ہم ٹورنامنٹ کی مطلوبہ ضروریات اور تمام تقاضے پورے کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئر مین احسان مانی نے اس لیگ کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے رجوع کیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں شجیع الملک نے کہا کہ ہم آئی سی سی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ٹی 10 لیگ کی شفافیت کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے اس حوالے سے پوری طرح پر اعتماد ہیں۔شجیع الملک کے مطابق سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روشن مہانامہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے اور کرنل ارودنا انڈین پریمیئر لیگ کی طرف سے سی ای او ہوں گے۔ چیئرمین ٹی 10 لیگ نے کہا کہ محدود طرز کی اس کرکٹ نے مختلف اقوام کو کھیل کے ذریعے ایک جگہ جمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑی کسی بھی غیرمتعلقہ فنکشن میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔اس موقع پر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈیوڈ ایسٹ کا کہنا تھا کہ ٹی 10 کا آئیڈیا انتہائی پرکشش ہے اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو بھی آئیڈیا بہت پسند آیا۔ڈیوڈ ایسٹ نے کہا کہ آئی سی سی نے لیگ کو مکمل شفاف قراد دےکر ہمیں لائسنس بھی دیا ہے اور ہم مکمل تعاون کررہے ہیں۔ہمیں پوری امید ہے کہ یہ لیگ بے پناہ مقبولیت حاصل کرے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: