Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولکتہ میڈیکل کالج میں خوفناک آتشزدگی، 250افراد کو بچالیاگیا

کولکتہ۔۔۔۔مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے میڈیکل کالج اوراسپتال میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی 10ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابوپانے کی کارروائی شروع کردی۔اسپتال میں موجود 250مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح8بجے کولکتہ میڈیکل کالج میں فارمیسی اسٹور میں آگ لگ گئی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے پوری فارمیسی میں پھیل گئے۔وہاں افراتفری مچ گئی ، مریضوںاور تیمارداروں نے شور اور ہنگامہ برپا کردیا۔بعض مریضوں نے کھڑکیوں سے کود کر جان بچائی۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیکل کالج کے تمام مریض محفوظ ہیں۔آتشزدگی کے واقعہ کے فوراً بعد اسپتال انتظامیہ نے چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریضوں کوباہر نکالا اور ایمبولینسوں کے ذریعے دوسرے اسپتال منتقل کردیا ۔ متعدد مریضوں کو اسپتال کی دوسری عمارت میں داخل کیا گیا۔کولکتہ میڈیکل کالج  کا شمارشہر کے سب سے قدیم اسپتالوں میں ہوتا ہے۔یہ کالج1948ء میں قائم کیا گیاتھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2011ء میں کولکتہ کے دھکوریا میں واقع اے ایم آر آئی (AMRI)اسپتال میں آگ لگنے سے 92افراد  ہلاک ہوگئے تھے۔تحقیقات کے مطابق یہاں آتشزدگی سے بچاؤ کے انتظامات نہیں کئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:- - -  - -5روپے میں بھرپیٹ کھانا؟

رائے دیں، تبصرہ کریں

شیئر: