عمران خان خود کشی نہ کریں..
اسلام آباد... سابق وفاقی وزیر اطلاعات مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصا ف نے الیکشن سے قبل عوام کو سہانے خواب دکھائے اور50دن کے اندر مہنگائی کا بم عوام کے سر پر گرا دیا۔ ڈالر 137روپے تک پہنچ گیا۔ ایک دن میں 13 روپے تک اضافہ سوچی سمجھی سازش ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے مخصو ص سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچاتے ہوئے راتوں رات ملکی معیشت کوچونا لگایا۔ آج عمران خان نے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا فیصلہ کیاہے ماضی میں عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ مانگنے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خودکشی نہ کریں لیکن قوم سے معافی مانگیں کہ میں شرمندہ ہوں۔ تحریک انصاف کی نااہل حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، حکومت چلانے کے لئے تجرنہ کار ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے، جو پی ٹی آئی کے پاس نہیں۔ منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ2 دن میں انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔اسٹاک مارکیٹ میں لوگوں کے اربوں روپے ڈوب رہے ہیں۔موجودہ حکومت عوام کو بتا ئے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے گیس اور بجلی کی قیمت کیوں بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ آئی پنجاب کے تباد لے کی اصل حقیقت کیا ہے۔نئے آئی جی پنجاب سے ضمنی انتخاب میں نتیجہ لیناتھا۔چیف جسٹس اس معاملے کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالرکی قیمت میں اضافہ کس سرمایہ دارکوفائدہ پہنچانے کی کوشش ہے۔اسد عمر بتا دیں توبہتر ہے ورنہ میں بتادوں گی۔