Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارتخانہ ہند ریاض:مہاتما گاندھی کی یاد میں شاندار جشن اور خراج عقیدت

مختلف ممالک کے سفراء، اسکالرز او رانڈین کمیونٹی کی شرکت، "عدم تشدد"کی ضرورت آج کل بھی گاندھی کے دور جیسی ہے، سفیر ہند احمد جاوید کا خطاب
ریاض (کے این واصف)مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کا جشن 2اکتوبر (منگل) کو سفارتخانہ ہند میں شاندار پیمانے پر منایا گیا۔ جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتکاروں، اسکالرز اور انڈین کمیونٹی کے مردوخواتین نے شرکت کی۔ اس تقریب میں سعودی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ سعودی آرٹسٹ نادیہ الیوسف نے گاندھی کی تصویر بنائی تھی اس کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ ایک سعودی فنکار احمد الیمینی نے گاندھی کے آشرم میں گایا جانے والا معروف بھجن "ویشنو وجنکو۔۔۔۔"بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ ا س طرح 2سعودی فنکاروں نے مہاتما گاندھی کو اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔ ابتداءمیں فرسٹ سیکریٹری سفارت خانہ ہند ڈاکٹر حفظ الرحمان نے مہمانوں کا رسمی طور پر خیرمقدم کیا جس کے بعد سفیر ہند احمد جاوید نے محفل کو مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا میں مہاتما گاندھی کا 150ویں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ 2اکتوبر کو اقوام متحدہ نے بھی "یوم عدم تشدد"کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ احمد جاوید نے کہا کہ عدم تشدد کا پرچار گاندھی کی زندگی کا مشن اور مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشدد پر عمل آوری کی اہمیت آج بھی اتنی ہی ہے جتنی گاندھی کے دور میں تھی۔ عدم تشدد گاندھی جی کی طاقت بھی تھی او راسی طاقت کے ذریعہ انہوں نے آزادی کی لڑائی جیتی۔ اس موقع پر سفیر ہند احمد جاوید نے سعودی آرٹسٹ نادیہ الیوسف کے تیارکردہ پورٹریٹ کی رسم رونمائی کی اور گاندھی کی 150ویں جینتی پر جاری خصوصی ڈاک ٹکٹ کی رسم اجراءانجام دی۔ احمد جاوید نے سعودی آرٹسٹ کو ایمبیسی کی جانب سے یادگار مومنٹوز بھی پیش کئے۔ آخر میں انٹرنیشنل انڈین اسکول دمام کے طلباءو طالبات نے گاندھی کی حیات او رافکار پر مبنی ایک ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔ گاندھی جینتی کی مناسبت سے دبئی کے معروف اور طویل ترین ٹاور"برج الخلیفہ"کو ہندوستان کے قومی ترنگے کے رنگوں کی روشنی سے منور کیا گیا او راس پر گاندھی کا پورٹریٹ بھی دکھایاگیا نیز گاندھی کے مشہور بھجن "ویشنو و جنکو۔۔۔۔" کی دھن بھی بجائی جا رہی تھی۔ جس سے ایک بہترین سماں بندھ گیا تھا۔ 

شیئر: