Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے نا ئیکوپ کی شرط ختم کرنے پر غور

اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی اور بیرون ملک لیبر ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں اور لیبر کو ہر ممکن سہو لتیں فراہم کی جائیں گی۔محنت کشوں کی فلا ح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم کو وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ہیومین ریسورسز ڈیولپمنٹ کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقاربخاری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور لیبر کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کرے گی۔یہ کمیٹی اسٹیٹ بینک ، نادرا اور ایف آئی اے سے مل کر بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کو ملک میں ترسیلات زر بھیجوانے کے طریقہ کار کو وضع کرے گی تاکہ حوالہ اور ہنڈی کی بجائے سرمایہ قانونی اور جائز طریقے سے ترسیل کیا جاسکے۔بیرون ملک مزدوری کرنے والے پاکستانیوں کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کرنے پر غور کیاگیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ محنت کش جو ملک سے باہر جاکر محنت اور مزدوری کرکے اپنے اہل وعیال کی کفالت کرتے ہیں انہیں سہو لتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیونٹی ویلفیئر اتا شی ان مقامات پر تعینات کئے جائیں جہاں بیرون ملک پاکستانیوں کی تعداد زیادہ ہے وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ہیومین ریسورسز ڈیولپمنٹ کے ذیلی اداروں کے بورڈ آف گورنرز میں از سر نو تعیناتیاں میرٹ اور اہلیت کی بنیادوں پر کی جائیں۔خلیجی ممالک بشمول قطر ، کویت ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات میں موجود روز گار کے مواقع سے بھرپور استفادے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے تاکہ پاکستان میں موجود ہنر مندوں کو روز گار میسر ہوسکے۔ صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ کے لئے حفاظتی معیار پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان میں ترسیلات زر میں اضافہ کے لئے بیرون ملک پاکستانیوں کو تمام تر سہو لتیں دی جائیں تاکہ ملک کی معیشت مستحکم ہوسکے۔

شیئر: