Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سپر کلاسک فٹبال چیمپیئن شپ کا انعقاد

 
جدہ:سعودی عرب میں سپر کلاسک فٹبال کے نام سے دوستانہ چیمپیئن شپ کھیلا جا رہا ہے جس میں برازیل، ارجنٹائن اور عراق کی ٹیمیں سعودی عرب کی ٹیم کے ساتھ ریاض اور جدہ میں میچ کھیلیں گی ۔ٹورنامنٹ 11اکتوبر سے 16اکتوبر تک جاری رہے گا ۔تمام میچز رات 9بجے شروع ہو ں گے ۔11اکتوبر کو ارجنٹائن کی ٹیم عراق سے مقابلہ کرے گی ۔ یہ میچ ریاض کے علاقے الملز میں امیر فیصل بن فہد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔12اکتوبر کو ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں برازیل کی ٹیم سعودی عرب کی ٹیم کے مقابلے میں اترے گی ۔یہ مقابلہ ریاض کی ملک سعود یونیورسٹی کے فٹبال گراونڈ پر ہوگا ۔2دن آرام کے بعد 15اکتوبر کو عراق اور سعودی عرب کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا ۔اس ایونٹ کا آخری اور اہم میچ دونوں فیفا ورلڈ کپ چیمپیئن ممالک کی ٹیموں ارجنٹائن اور برازیل کے مابین کھیلا جائے گا ۔یہ میچ 16اکتوبر کو جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں رات 9بجے شروع ہوگا ۔تاہم اس میچ میں ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی کی شرکت کے بارے میں تصدیق نہیں ہو سکی۔ورلڈ کپ کے بعد برازیلی ٹیم پہلی مرتبہ ان دوستانہ بین الاقوامی میچوں میں شرکت کررہی ہے ۔یاد رہے کہ برازیل کو ورلڈ کپ کے دوران کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے ہاتھوں شکست ہو گئی تھی ۔ فرانسیسی کلب سینٹ جرمین کیلئے کھیلنے والے نیمار جونیئر بھی ٹریننگ سیشن میں شریک ہوئے ۔ ساتھی کھلاڑیوں کے پریکٹس کے دوران نیمار بہت خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور ہنسی مذاق کرتے رہے ۔ سینٹ جرمین کے ساتھ نیمار اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ٹیم کے کوچ کو توقع ہے کہ سعودی عرب میں ہونے والے دونوں میچوں میں نمایاں رہیں گے۔ارجنٹائنی کپتان لیونل میسی ورلڈ کپ سے قبل یہ اعلان کر چکے تھے کہ میگا ایونٹ نہ جیتنے کی صورت میں وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔ اس بارے میں تاحال کوئی واضح اعلان نہ ہونے کے باوجود سعودی عرب میں ہونے والے اس میچ میں ان کی شرکت کے بارے صورتحال غیر یقینی شکار ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: