Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ سیریز کیلئے ہند سے بھیک نہیں مانگیں گے، احسان مانی

 
ابوظبی: پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو وزیراعظم عمران خان چلا رہے ہیں، وزیراعظم بورڈ کا پیٹرن انچیف ضرور ہوتا ہے تاہم وہ میرے کام میں مداخلت نہیں ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنا ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی منافقت ہے کیونکہ اس نے ہمارے ساتھ انٹر نیشنل ایونٹس میں کھیلنے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو کھیل اور ثقافت کے ذریعے بحال کرنے سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں تاہم دوطرفہ سیریز کی اہمیت کے باوجود ہند سے کھیلنے کیلئے پی سی بی اس کے پیچھے نہیں بھاگے گا ، اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو ہمیں بھی کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہم سیریز کھیلنے کیلئے بھیک نہیں مانگیں گے۔یاد رہے کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان نے ہند کے خلاف آئی سی سی میں ہرجانہ ادا کرنے کا مقدمہ کیا تھا جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ اس بارے میں سوال پراحسان مانی نے واضح کیا کہ اگر وہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جگہ ہوتے تو مقدمہ کرنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے آئندہ سال پاکستان جاکر ون ڈے کھیلنے سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ۔ہم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشش کر رہے ہیں لیکن اس میں تھوڑا وقت مزیدلگے گا۔ اس سوال کے جواب میں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ منصور رانا کس طرح قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر بن گئے اور سلیکٹر توصیف احمدکیوںاے ٹیم کے منیجر بن کر دبئی میں موجود ہیں تو چیئرمین پی سی بی نے جواب دیا کہ مستقبل میں کرکٹ کمیٹی ایسے معاملات کو دیکھے گی۔ بورڈ کے بہت سارے معاملات پر پالیسیوں کے بارے میں انھیں وضاحت درکار ہے، میرے خیال میںکرکٹ کے معاملات کیلئے ایک کمیٹی ہونی چاہیے جو سلیکشن کمیٹی اور ٹیم سے متعلق اہم باتوں پر رائے دے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں
 

شیئر: