Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں تحریک انصاف کامیاب ،پشاور میں شکست

کراچی.... ضمنی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف نے کراچی کی دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ پشاور کے ہوم گراﺅنڈ پر اے این پی نے میدان مار لیا۔ ایم کیو ایم نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ کراچی کے حلقے پی ایس 111 سے تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی نے10 ہزار78ووٹ لے کرکامیابی حاصل کرلی ۔ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے فیاض پیرزادہ اورایم کیو ایم کے امیدوار جہانزیب مغل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے247 کراچی کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 31 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔ ایم کیو ایم کے صادق افتخار دوسرے نمبر پر رہے ۔عام انتخابات میں یہ دونوں نشستیں تحریک انصاف نے جیتی تھیں۔ این اے 247 سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشستیں عارف علوی کے صدرمملکت جب کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پر ضمنی انتخاب کے تمام 86 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین 11 ہزار 416 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9 ہزار 854 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ عام انتخابات میں پی کے 71 سے تحریک انصاف کے شاہ فرمان کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے گورنر بننے کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔
 

شیئر: