Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویرات کوہلی کانیا ریکارڈ، ون ڈے میں تیز ترین10ہزار رنز

 
وشاکھاپٹنم:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز مکمل کر لئے اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیز ترین بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے کوہلی کو میچ سے قبل81رنز کی ضرورت تھی لیکن وہ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کرنے کے بعد157رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔کوہلی ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے 13ویں اور ہند کے پانچویں بیٹسمین ہیں لیکن انہوں نے سب سے کم اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا ۔ ویرات کوہلی سے قبل تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 259 اننگز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا لیکن ویرات کوہلی نے صرف 205 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا ۔ انہوں نے 58.69 کی اوسط سے 10076 رنز مکمل کر لئے ہیں۔ اس ریکارڈ کے ساتھ ساتھ ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹسمین بھی بن گئے۔ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ میں 37 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں جبکہ صرف تیسرے نمبر پر انہوں نے 30 سنچریاں اسکور کیں۔ ویرات کوہلی سے قبل اس نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے پاس تھا جنہوں نے 29 سنچریاں اسکور کی تھیں۔ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 18 ہزار 426 رنز اسکور کیے تھے۔10 ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ہند کے راہول دراوڑ، سارو گنگولی اور مہندر سنگھ دھونی، سری لنکا کے کمار سنگا کارا، سنتھ جے سوریا، تلکارتنے دلشان اور مہیلا جے وردھنے، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ شامل ہیں۔پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین انضمام الحق بھی 10 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: