Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے برقرار

دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔پاکستانی اسکواڈ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے اختتام پر امارات میں موجود ہے اور اب نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظبی میں ہونے والے میچ سے سیریز کا آغاز کرے گا جس کے بعد بقیہ دونوں میچ دبئی میں2 اور 4 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے اسی اسکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکے بعد 3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔آسٹریلیا کے خلاف 3میچوں کی سیریز میں پاکستان نے بالترتیب 66،11اور33رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تینوں میچوں میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور بولرز نے کسی میچ میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو ہدف تک نہیں پہنچنے دیا۔ بابر اعظم اور سینیئر بیٹسمین محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 163اور111رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ بولرز میں شاداب خان6 ، عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے4،4وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان ٹیم میں کپتان سرفراز احمد ، فخر زمان ، محمد حفیظ ، بابر اعظم ، صاحبزادہ فرحان ، شعیب ملک ، آصف علی ، حسین طلعت ، شاداب خان ، شاہین آفریدی ، عثمان شنواری ، حسن علی ، عماد وسیم ، وقاص مقصود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: