Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ٹیم میں واپسی بڑا اعزاز ہے،محمد حفیظ

ابوظبی:سابق کپتان اور سینیئر آل راونڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہر میچ آخری سمجھ کر کھیل رہا ہوں اور کوشش ہے کہ ٹیم کیلئے کچھ کر سکوں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بہترین کھلاڑی قرار پانے والے آل راونڈر محمد حفیظ کا کہنا تھا قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملنے پر ذہن بنایا تھا کہ ہر میچ کیریئر کا آخری میچ سمجھ کر بہتر سے بہترکارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، بہت خوش ہوں کہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں کے ذریعے ٹیم کے لئے کردار ادا کررہا ہوں جبکہ بولنگ پر بڑی محنت کی ہے صرف بیٹسمین کے طور پر کھیلتے ہوئے بولنگ نہ کرنے کی کمی بڑی شدت سے محسوس کرتا رہا۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ آصف علی کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے پلان تھا کہ 160 تک کا مجموعہ بہتر ہوگا لیکن وکٹیں گرنے سے تھوڑی مشکل پیش آئی، بہرحال آخر میں آنے والے بیٹسمینوں کے اچھے اسٹروکس نے ہمیں بہتر ٹوٹل حاصل کرنے میں مدد دی، جس کے بعد حسب معمول بولرز نے اپنا کام کر دکھایا، نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے بہت اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کی لیکن پاکستانی ٹیم جیت کے جذبہ سے سرشار تھی اور اس نے مشکل صورتحال کے باوجود میچ میں واپس آتے ہوئے سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کیویز کی طرف سے اچھے آغاز کے باوجود ہمارے بولرز نے ہمت نہیں ہاری اور شاندار کارکردگی کا ثبوت دیتے ہوئے فتح کا راستہ ہموار کیا۔محمد حفیظ نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز میں بڑی توانائی اور جذبہ ہے، مشکل صورتحال اور دباو سے گھبراتے نہیں بلکہ اپنی صلاحیتیں منوانے کی کوشش کرتے ہیں، مضبوط حریفوں کے ساتھ سخت مقابلوں میں انہیں مزید سیکھنے اور اعتماد حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔محمد حفیظ نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کا حوصلہ جوان رکھنے کی کوشش کرتا ہوں، سب سے کہتا ہوں کہ کسی بھی صورتحال میں دل میں جو پلان ہو اس پر پورے یقین اور عزم کے ساتھ عمل کرو۔ شاہین آفریدی آخری اوور کر رہے تھے تو ان کو بھی یہی کہا کہ جہاں چاہتے ہو گیندکرو مگر کسی بے یقینی کیفیت کا شکار مت ہونا، اسی طرح حسن علی بھی اچھا تجربہ حاصل کر چکے ہیں اور وقت کے ساتھ ان کی بولنگ مزید نکھرے گی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: