Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک بحریہ ،سمندری سرحدوں کے دفاع کیلئے تیار

کراچی ( صلاح الدین حیدر )پاکستان نیوی جسے ماضی میں اکثر و بیشتر نظرانداز کیا جاتا رہا ہے جب سے اسے اصل مقام ملا ہے،اس نے اپنی افادیت بھرپور انداز میں دکھانا شروع کر دی ہے گزشتہ روز اس نے میزائل فائر کرنے کی مشق کے بھی کامیاب تجربے کئے۔پاک نیوی کے افسران اور جوانوں نے ایئر فورس اور بری افواج کے ساتھ مل کر پھر ثابت کر دیا کہ قومی دفاع میں تینوں فورسز ایک ساتھ مل کر ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دے سکتی ہیں۔شمالی بحرہ عرب میں شروع ہونے والی مشقوں ”سی اسپارک“ دیکھنے کے قابل تھیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود مہمان خصوصی تھے۔ مشقوں میں اصل گولہ بارود اور میزائل جو کہ جنگ میں دشمنوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں، وہ یہاں بھی استعمال ہوئے تا کہ ان کی صلاحیت کو جانچا جا سکے۔جنرل محمود نے نئے تیار کئے ہوئے جہاز معاون سے فائر پاور کا مشاہدہ کیا۔ساتھ میں ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے بھی نیوی کی صلاحیتوں کو سراہا۔اینٹی شپ میزائل نیوی کے جہاز شمشیر اور شاہ جہاں سے فائر کئے گئے جو کہ ٹھیک اپنے نشانوں پر لگے۔ نیوی ہر طرح سے ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لئے تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو پیچھے دھکیلنے کے لئے انتہائی موثر ہے۔چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر کہا کہ نیوی ہر موقع پر ملک کی حفاظت کے لئے تیار ہے۔ میزائل فائرنگ نے ثابت کر دیا کہ ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔قوم اس پر بجا طور پر اعتماد کر سکتی ہے۔نیوی نہ صرف پاکستانی سرحدوں بلکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہے۔ اب اس کو بین الاقوامی سطح پر وہ مقام حاصل ہو گیا ہے جس پر ملک کو فخر ہو سکتا ہے۔آخر میں جنرل محمود نے نیوی کے فلیٹ کا معائنہ کیا ۔ نیوی کے ایئر ونگ کے ہوائی جہازوں نے انہیں سلامی پیش کی۔

شیئر: