Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین آفریدی ٹیم میں اچھااضافہ ہیں،کپتان سرفراز احمد

دبئی :پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن میچ اور سیریز ہمارے ہاتھ میں لیکن بارش کی مداخلت نے صورتحال خراب کردی ۔ اگر کھیل دوبارہ شروع ہوجاتا تو ہم اس پوزیشن میں تھے کہ نتیجہ ہمارے حق میں نکلتا تاہم جو کچھ ہوا وہ بھی کھیل کا حصہ ہے اگرچہ دبئی میں بارش سے میچ کا متاثر ہونا بھی اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے۔ایک سوال پر پاکستانی کپتان نے کہا کہ ون ڈے سیریز مجموعی طور پر اچھی اور مثبت رہی اور یہ بات ہمارے لئے خوش آئند ہے کہ ہم پہلا میچ ہارنے کے باوجود سیریز میں واپس آئے اور مہمان ٹیم کے مقابلے میں نسبتاً بہتر پوزیشن میں بھی رہے ۔تیسرے اور آخری میچ کے لئے ایک مختلف کمبینیشن کے ساتھ کھیلنے اترے اور یہ تجربہ اچھا رہا ، ہم نے اب جنوبی افریقہ کے خلاف بھی کھیلنا ہے سو اس حکمت عملی سے اس کے خلاف بھی استفادے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دونوں میچوں میں بیٹنگ لائن اور خاص طور پر ٹاپ آرڈر کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ، اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہتا ہے تو ہم آئندہ ہونے والے میچوں میں بھی بہتر کھیل پیش کرسکیں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ اوپنر امام الحق فٹ ہیں لیکن انہیں احتیاطاً اس میچ میں شامل نہیں کیا گیا، ان کی جگہ آنے والے حارث سہیل کی کارکردگی بھی اچھی رہی اور ان کی بیٹنگ سے ٹیم کوفائدہ ہوا۔جوان بولر اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے والے شاہین آفریدی کے کھیل کو سراہتے ہوئے کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی ٹیم میں اچھااضافہ ہیں،ہر میچ کے ساتھ شاہین کا کھیل مزید نکھرتا جا رہا ہے اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ہمارے لئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں ضرورت اس بات کی کہ شاہین اپنی بولنگ پر اور محنت کرے تاکہ ہر قسم کی بیٹنگ لائن کو قابو کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ٹیسٹ سیریز کے بارے سوال پر پاکستانی کپتان نے کہا نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اچھی ہے اور اس کے کھلاڑی وکٹ پر دیر تک ٹھہرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھے مقابلے ہوں۔ فتوحات کے تسلسل کو آگے بڑھا سکیں، اندازہ ہے کہ روایتی فارمیٹ کے تقاضے الگ ہیں اور ہمیں صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: