Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 4: مصباح الحق اور ڈیرن سیمی اکٹھے پرفارم کرینگے

 
  پشاور:پاکستان سپر لیگ کی پہلی چیمپیئن فرنچائز پشاور زلمی نے سابق کپتان مصباح الحق کو بھی اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے تاہم کپتان کے طور پر ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈیرن سامی کو برقرار رکھا گیا ہے۔ فرنچائزکے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی شمولیت سے پشاور زلمی کی ٹیم میں تجربے کے ساتھ ساتھ دانشمندی کا بھی اضافہ ہوا ہے۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ مصباح الحق اب بھی کرکٹ کھیلتے ہیں اور فرسٹ کلاس کرکٹ کی وجہ سے وہ پاکستان سپر لیگ 4 میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک رول ماڈل ہیں، ان کی ڈریسنگ روم اور فیلڈ میں موجودگی کپتان ڈیرن سیمی کیلئے بھی کافی مددگار ثابت ہوگی۔جاوید آفریدی سے پوچھا گیا کہ ڈیرن سیمی کی موجودگی میں مصباح کا کیا کردار ہوگا تو انہوں نے کہا کہ سیمی بطور کپتان ویسٹ انڈیز کو 2 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور زلمی کو بھی ایک پی ایس ایل ٹائٹل دلاچکے ہیں جبکہ مصباح الحق دو بار پی ایس ایل چیمپیئن بنے۔ یہ دونوں زلمی کو بہتر سے بہتر کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے ۔ٹیم کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 سال سے زلمی کی ٹیم کا حصہ رہنے والے تمام کھلاڑی چوتھے ایڈیشن میں بھی ٹیم زلمی کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی پشاور زلمی کو دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال پر جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور لیگ کے دوران اچھے مقابلے کی توقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان ضرور آئیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: