Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز :آسٹریلین ٹیم کا اعلان، عثمان خواجہ کی واپسی

سڈنی:آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے ہند کے خلاف ابتدائی2 ٹیسٹ میچوں کیلئے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے ان فٹ عثمان خواجہ کے ساتھ2نئے کھلاڑیوں بیٹسمین مارکوس ہیرس اور فاسٹ بولر کرس ٹریمین کو بھی شامل کرلیا ہے ۔ دونوں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی پر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہ کرنے والے پیٹر ہینڈز کومب بھی واپس آگئے ہیں تاہم میٹ رینشا کو پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔چیف سلیکٹر ٹریور ہانز کا کہنا تھا کہ مارکوس ہیرس نے وکٹوریہ کی جانب سے شیفلڈ شیلڈ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ہمیں اپنے انتخاب پر مجبور کردیا ہے ۔ ہیرس نے انتہائی دباو والے میچوں میں عمدہ بیٹنگ کرکے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔کرس ٹریمین نے بھی ڈومیسٹک سیزن میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ اپنا انتخاب یقینی بنایا ۔مارکوس ہیرس اس وقت رنز کی تعداد کے حوالے سے ڈومیسٹک سیزن میں دوسرے نمبرپر ہیں اور وہ ڈبل سنچری کے ساتھ 6اننگز میں437رنز بنا چکے ہیں۔ دوسری جانب ٹریمین بھی دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں انہوں نے اب تک24وکٹیں حاصل کی ہیں۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ مایہ ناز بیٹسمین عثمان خواجہ 6دسمبر کو پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل فٹنس حاصل کر لیں گے ۔ عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن وہ اسی سیریز کے دوران فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے تھے۔چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ ہر میچ سے قبل 12رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا جبکہ بقیہ2کھلاڑیوں کو شیفلڈ شیلڈ کھیلنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ٹم پین ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ مچل مارش ان کے نائب ہوں گے۔ہندوستانی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے دوران4ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: