Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں زیادتی کے واقعات بڑھنے کا نوٹس

راولپنڈی: صوبہ پنجاب میں کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں بچوں کے ساتھ جرائم کے 1100 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جس کا آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کے لیے ایس او پی جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سمیت ضلعی سطح پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لیے فوکل پرسنز نامزد جبکہ جرم کے حوالے سے فارنسک سائنس ایجنسی کے ذریعے فارنسک شہادت اکٹھی کرنا ضروری قرار دے دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے صوبے بھر کے فیلڈ اور تفتیشی افسران کو مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال پنجاب بھر میں کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی کے 1109 سے زائد مقدمات درج ہوئے۔ اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بچوں کے ساتھ ایسے جرم یا اقدام کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایف ائی آر درج کی جائے۔ مقدمے کا تفتیشی افسر اور پولیس افسران متاثر بچے اور عزیز رشتے داروں سے رحم دلی سے پیش آئیں۔
 

شیئر: