Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڑکوں کے نہیں یونیورسٹیوں کے فیتے کاٹوں گا،عمران خان

سیالکوٹ... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کے سپر پاور بننے میں اصل کردار یونیورسٹیوں کا تھا۔ برصغیر میں ہمارے پیچھے رہنے کی وجہ تعلیم پر توجہ نہ دینا ہے۔ سڑکوں کی بجائے یونیورسٹیوں کے فیتے کاٹوں گا ۔ تعلیم پر توجہ دیں تو بڑھتی ہوئی آبادی ہمیں ترقی کی جانب لے جاسکتی ہے۔ جلد معاشی بحران سے نکل آئیں گے۔ سیالکوٹ میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ا سکول سے یونیورسٹی بنانے میں کردار ادا کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔100 سال قبل امریکہ سپر پاور نہیں تھا ۔ امریکہ نے 20 سالوں میں تعلیم کو عام کرکے دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ و قوم تعلیم پر خرچ کرتی ہے۔ خاص کر اعلیٰ تعلیم پر وہ قوم آگے نکل جاتی ہے۔ سنگا پور کی آبادی 15 سے 20 لاکھ ہے۔ ان کی برآمدات 330 ارب ڈالر ہیں۔ پاکستان کی 21 کروڑ آبادی کی برآمدات مشکل سے 24 کروڑ ڈالر ہے۔ وجہ یہ ہے کہ سنگا پور نے تعلیم پر توجہ دی۔ سنگا پور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں کے بجٹ سے زیادہ ہے جو قومیں انسانوں کو ویلیو ایڈ کرتی ہیں۔ انسانوں پر خرچ کرتی ہیں وہ ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب نئی نئی چیزیں نکل رہی ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بھی نئی چیزیں آرہی ہیں۔ خدا نے موقع دیا ہے اگرپاکستانیوں کو آئی ٹی اور اے آئی کی طرف لے جا ئیں اور اعلیٰ تعلیم کے لئے پیسہ خرچ کریں۔ انہیں کوالٹی ایجوکیشن دیں تو ہماری آبادی ہمیں کہاں سے کہاں لے جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں ہمارے سب سے پیچھے رہنے کی وجہ تعلیم پر توجہ دینا ہے۔ ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی۔ بہت جلد معاشی مسائل سے نکل جائیں گے۔ سب سے زیادہ اعلیٰ تعلیم پر پیسہ خرچہ کریں گے۔ یونیورسٹیوں کو مزید بہتر کریں گے۔ کوئی وائس چانسلر یہ نہیں کہے گا کہ وسائل کی کمی ہے۔ پورا یقین ہے کہ مستقبل کی ڈائریکشن کو درست کرینگے۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ۔میں سڑکوں کی بجائے یونیورسٹیوں کا افتتاح کروں گا۔ 

شیئر: