Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صارف کی رقم چوری ہوئی تو بینک ذمہ دار ہوگا‘ اسٹیٹ بینک

کراچی: اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو تنبیہ کی ہے کہ اگر کسی صارف کے اکاﺅنٹ سے رقم چوری ہوئی تو اس کا ذمے دار بینک ہوگا اور بینک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو سائبر حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اگر ایسے کسی حملے میں صارفین کے اکاﺅنٹ سے رقوم چوری ہوئی تو متعلقہ بینک کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی اور بینک سے چوری ہونے والی رقم 2 روز میں صارف کے اکاﺅنٹ میں جمع کرانی ہوگی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام بینک اپنے نظام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور سائبر سیکورٹی سے تحفظ میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کریں۔ الیکٹرانک لین دین کے متبادل چینلز سمیت کارڈ پیمنٹ سسٹم، رئیل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم، انٹرنیشنل وائر ٹرانسفر کوڈ، انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ ایجنٹ سے کی جانے والی برانچ لیس بینکاری کے سائبر نظام کا بھی ماہرانہ جائزہ کرایا جائے اور اپنے پیمنٹ سسٹم مکینزم کے تھرڈ پارٹی آڈٹ اور تخمینہ کاری کی رپورٹ اسٹیٹ بینک کو 31 دسمبر 2018ءتک پیش کی جائے ۔
 

شیئر: