Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی ” سیل “ لگانیوالوں کےخلاف کارروائیاں

ریاض۔۔۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض شہر میں سونے کے زیورات فروخت کرنے والی دکان میں فرضی رعایتی اسکیم کا اعلان کرنے پر تفتیشی ٹیم نے کارروائی کرکے دکان کو بند کردیا ۔ سبق نیوز کے مطابق وزارت تجارت کے قانون کے مطابق کسی دکان یا تجارتی مرکز میں نرخوں میں رعایت کے اعلان سے قبل وزارت سے اس کی باقاعدہ اجازت لینا ضروری ہے جس کےلئے قانون کے مطابق وزارت کے متعلقہ شعبے میں نرخ نامے جمع کرانے کے بعد رعایتی نرخوں کا بھی اندراج کرنا لازمی ہے ۔ وزارت تجارت کا مخصوص شعبہ سابقہ اور رعایتی نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد درخواست منظور کرتا جس کے بعد اسے رعایتی نرخوں کا اعلان کرنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ متعلقہ شعبے سے اجازت نہ لینے کا مقصد عوام کو دھوکہ دینا ہوتا ہے جو تجارتی جعلسازی کے زمرے میں آتاہے ۔ وزارت کے ذرائع نے مزید کہا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ شہر میں سونے کے زیورات فروخت کرنے والے ایک شوروم پر غیر معمولی نرخوں میں رعایتی نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے جس پر وزارت کی تفتیشی ٹیموںنے دکان کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا عوام کو دھوکہ دینے کےلئے نرخوں کو بڑھا کر ان پر رعایتی نرخ درج کئے گئے تھے جو قانون کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ دکان سے وزارت کی تفتیشی ٹیم نے زیورات کے 3144 سیٹ برآمد کئے جو مملکت کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتے تھے اور نہ ہی ان زیورات پر مہر پائی گئی ۔ دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے پراسیکیوشن کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں کیس کی تحقیقات کرنے کے بعدچالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس ضمن میں وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت کے تمام شہروں میں جعلی سیل لگانے والوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ٹیمیں مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں تاکہ جعلسازوں کا خاتمہ کیاجاسکے۔ 

شیئر: