Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی قوم سے اپیل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کردی۔ ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگ آگے بڑھیں اور وطن عزیز کو پولیو سے پاک سرزمین بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 4 روزہ پولیو مہم میں 2 لاکھ70 ہزار صحت محافظ حصہ لے رہے ہیں، جو گھر گھر جاکر پیدائش سے لے کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائیں گے۔ ان شہروں میں سندھ میں سکھر، کراچی، خیبر پختونخوا میں پشاور اور مردان، پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اور دارالحکومت اسلام آباد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس ملک بھر سے پولیو کے 8 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جن میں بلوچستان کے ضلع دکی سے 3، خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ایک، کراچی کے علاقے گڈاپ سے ایک، خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے ایک اور باجوڑ سے 2 کیسز شامل ہیں۔ تاہم 2014ءسے پولیو کے کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے ۔ 2014ءمیں پولیو کے 306 کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔ پولیو کے انسداد کے لیے اس سال کی آخری مہم کا آج سے آغاز ہوگیا ہے ، جس دوران 3 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
 

شیئر: