Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاج محل دیکھنے کی فیس میں اضافہ

نئی دہلی۔۔۔حکام نے محبت کی بے مثال علامت سمجھے جانے والے ’’تاج محل‘‘کو  دیکھنے کے لیے  شہریوں اور غیر ملکیوں کی داخلہ فیس میں اضافہ کر دیا ہے۔  اس اقدام کا  مقصد آنے والے  افراد کی مجموعی تعداد کو کم کرنا اور ملک کے  اس اہم ترین سیاحتی مقام کو   لاحق نقصانات پر روک لگانا ہے۔ تاج محل کو دیکھنے کے لیے ہر روز 10 سے 15ہزار افراد آتے ہیں جن میں اکثریت  مقامی شہریوں کی ہوتی ہے۔ سال 2016 میں تاج محل کا دیدار کرنے کے لیے 65 لاکھ افراد نے اس سفید سنگ مرمر کے مقبرے کا رخ کیا۔ یہ مقبرہ مشہور مغل حکمراں شاہ جہاں نے اپنی بیگم ممتاز محل کے  واسطے تعمیر کروایا۔نئے  اعلان کے تحت تاج محل کو دیکھنے کے لیے آنے والے مقامی  شہریوں کو 50 روپے کے بجائے اب 250 روپے  داخلہ فیس ادا کرنا ہو گی جبکہ دنیا کے عجائبات میں شمار ہونے والی اس پرشکوہ عمارت کے دیدار سے لطف اندوز ہونے کے لیے غیر ملکی شہریوں اور سیاحوں کے واسطے داخلہ فیس اب 16 ڈالر کے بجائے 19 ڈالر ہو گی۔ ملک  میں آثار قدیمہ کے تحفظ کی اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق داخلہ فیس میں حالیہ اضافے سے تاج محل کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد میں 15% سے 20% کی کمی واقع ہو گی۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ داخلہ فیس سے حاصل آمدنی کو تاج محل کی دیکھ بھال اور تحفظ پر خرچ کیا جائے گا۔

شیئر: