Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس: پاکستان کرکٹ بورڈ کو لینے کے دینے پڑ گئے

دبئی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف ہرجانہ کیس ہارنے کے بعد پی سی بی کو ایک اور دھچکا لگا ہے اور اسے اس کیس کے اخراجات کی 60فیصد رقم بھی ادا کرنا ہوگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیس کے اخراجات کی مد میں ہندوستانی بورڈ کو 60 فیصد رقم ادا کرنی ہوگی جو 15کروڑ روپے بنتی ہے ۔اپنے اخرابات کے بارے میں ابھی تک ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم آئی سی سی نے اس کے حق میں فیصلہ کردیا ہے۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اس کیس پر موقف اختیار کیا تھا کہ ان کا ہندوستانی بورڈ پر 70 ملین ڈالر ہرجانے کا کیس بہت مضبوط ہے اور اس کے لئے پی سی بی نے ملکی اور غیرملکی وکلاء پر مشتمل ٹیم کو کروڑوں روپے فیس ادا کی تھی۔ گورننگ بورڈ سے اس کیس کیلئے 10 کروڑ سے زیادہ کا بجٹ منظور کروایا تھا۔2014ء میں ہندوستانی بورڈ نے دو طرفہ سیریز کا لالچ دے کر پی سی بی کی غیر مشروط حمایت حاصل کی تھی ۔ اس کے بعد ہند حکومت کی اجازت نہ ہونے کا بہانہ کرکے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوطرفہ سیریز نہ ہونے کے نقصان کا ہرجانہ طلب کیا تھا لیکن آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی نے ہند کے حق میں فیصلہ سنا دیا تھا اور اب ایک مرتبہ پھر ہندوستانی بورڈ کے حق میں ہی فیصلہ دے دیا گیا ہے۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: