Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

1439ھ : ٹریفک حادثات سے اموات میں 33اورزخمیوں میں 21فیصد کمی

جدہ۔۔۔محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ 1439ھ کے دوران سعودی عرب میں ہونے والے ٹریفک حادثات سے اموات میں 33فیصد اور زخمیو ں میں 21فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ 2برسوں کے دوران زخمیوں اور اموات کی تعداد میں پے در پے کمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ نے اس کامیابی کے اسباب و محرکات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ آگہی مہم موثر شکل میں چلائی گئی۔ اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 1439ھ کے دوران ٹریفک خلاف ورزیاں زیادہ شدو مد سے پکڑی گئیں۔ حفاظتی بیلٹ کی پابندی سختی سے کرائی گئی۔ خودکار نظام کے تحت حفاظتی بیلٹ کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے رواج نے بھی اس سلسلے میں خاطر خواہ اثرات ڈالے۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی شہروں میں 95فیصد سے زیادہ ڈرائیور حفاظتی بیلٹ کی پابندی کرنے لگے ہیں۔ محکمہ ٹریفک کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹریفک سلامتی پر اثر انداز خلاف ورزیوں کا تناسب 33فیصد سے گھٹ کر 20فیصد پر آگیا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں متاثرین کو 15سے 17منٹ کے اندر اندر طبی امداد کی فراہمی کی بدولت اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔ محکمہ نے توجہ دلائی کہ وہ ٹریفک نظام کو موثر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ ہدف یہ ہے کہ سعو دی عرب اس حوالے سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائے۔ 

شیئر: