Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری کا نام ای سی ایل میں‘ 31 دسمبر کو گرفتاری ؟

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں شامل 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے جن میں آصف زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی شامل ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امید ہے اب آصف زرداری اس جے آئی ٹی کو سنجیدگی سے لیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ پرانا پاکستان نہیں جہاں بڑے لوگ سودے بازی کر لیں، احتساب آزادانہ طور پر جاری رہے گا۔ ایف آئی اے نے ہوش ربا انکشافات کیے ہیں، حکومت کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا جبکہ ایک صوبہ یرغمال بنائے رکھا۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا آصف زرداری 31 دسمبر کو گرفتار ہو رہے ہیں، فواد چودھری نے کہا ان شاء اللہ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ منی لانڈرنگ کے لیے حکومت کا استعمال کیا گیا، جن لوگوں کو ابھی سنجیدگی کا احساس نہیں ہورہا انہیں آنے والے دنوں میں ہوجائے گا۔

شیئر: