Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی سزا بڑھانے اور بریت چیلنج کرنے کی تیاریاں

اسلام آباد:  نیب کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرا عظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں قومی احتساب بیورو نے فلیگ شپ ریفرنس کیس میں عدالت کا فیصلہ چیلنج کیا تھا جس کے بعد اب دوسرے کیس العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی ترجمان نیب کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق فلیگ شپ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی گئی ہے، ساتھ ہی العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو دی گئی سزا میں اضافے کی اپیل دائر کی جائے گی۔ دونوں ریفرنسز میں نیب آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کرے گا۔ ترجمان نیب کے مطابق درخواست میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ چونکہ نواز شریف پر جرم ثابت ہو چکا ہے لہٰذا ان کو دی گئی 7 سال قید کی سزا میں اضافہ کیا جائے کیونکہ نیب آرڈیننس میں دفعہ 19 اے 5 میں اس کی سزا 14 سال قید ہے۔
اُدھر نواز شریف کی جانب سے بھی اسی کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے جس میں ان کے وکیل خواجہ حارث نے احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

شیئر: