Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک ،ترک تجارت کو مزید فروغ دینگے،عمران خان

انقرہ...وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ مواقع کا حامل ملک ہے۔موجودہ حکومت گورننس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے لئے پرعزم ہے۔پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انقرہ میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع ہیں تاہم مختلف وجوہ پر ان سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کیا جاسکا۔ آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اسے فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے بڑے مواقع ہیں۔ پاکستان میں معدنیات اور بالخصوص تیل و گیس کے ذخائر کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے مزیدکہا کہ پاکستان کی ا سٹریٹجک پوزیشن بہت اہم ہے جو خطے کی بڑی منڈیوں کے سنگم پر واقع ہے۔ دریں اثناء عمران خان سے ترک وزیر تجارت رہسار پیک جان نے ملاقات کی۔۔ قبل ازیں وزیراعظم انقرہ پہنچے تو وزیر تجارت نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

شیئر: