Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محصورین کوباعزت طور پر پاکستان لاکر بسایا جائے، ڈاکٹر غامدی

***جدہ۔پ ، ر***
مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) کے زیر اہتمام بانی پاکستان حضرت قائد آعظم محمد علی جناح کے 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق سعودی سفارتکارمعروف دانشوراورکالم نگارڈاکٹرعلی الغامدی نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی گلاسگومیں سکونت پذیرمعروف پاکستانی صحافی میاں عامر شہزاد صدیقی اوراعزازی مہمان کشمیر کمیٹی جدہ کے رکن راجہ محمد زرین خان تھے۔ دیگرمہمانوں میں محمدعلی الغامدی، اسرار خان، انجینیئرمحمد شہاب الدین،انجینیئرسیدغضنفرحسن، سراج آدمجی اور دیگر شامل تھے۔ڈاکٹرعلی الغامدی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ محمد علی جناح ایک منفرد شخصیت اورعظیم صلاحیت کے مالک تھے۔ان کی سیاسی زندگی اورجدوجہد آزادی ایک عہد کا نام ہے۔ متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کیلئے قا ئد آعظم نے جو 14نکات پیش کیے وہ ایک تاریخی دستاویز ہے۔ ڈاکٹرعلی الغامدی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان اورحکومت سے اپیل کی کہ 1971سے بنگلہ دیش میں محصورپاکستانیوں کو جو بے سروسامانی کی زندگی گزار رہے ہیں، ان کو با عزت طور پرپاکستان لاکربسائیں۔47 برس ہوگئے ہیں اورافسوس کسی حکومت نے اس مسئلہ کو حل کرنیکی کوشش نہیں کی۔مہمان خصوصی میاں عامر شہزاد صدیقی جو عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آئے ہوئے تھے ،نے اپنے خطاب میں قائد اعظم پر تقریب منعقد کرنے،محصورین اور کشمیر کاز کیلئے کام کرنے پر پی آرسی کی تعریف کی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامی روایات اور انصاف پر مبنی ریاست کا جوخاکہ پیش کیا ہے اسمیں محصورین کو واپس پاکستان لانے کیلئے سنجیدگی سے غور کریں گے۔ معروف سیاسی و سماجی رہنما ریاض گھمن نے کہا قائد اعظم کی قیادت میں برصغیرکے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی بلکہ تقسیم ہند کے ذریعہ قیام پاکستان کا وجود عمل میں لایا۔کشمیر کمیٹی جدہ کے رکن راجہ محمد زرین خان نے کہاکہ میں اب مستقل واپس پاکستان جارہا ہوںلیکن محصورین کی باعزت پاکستان منتقلی و آبادکاری تک اپنی جدوجہد جاری رکھونگا۔ انھوں نے کشمیرمیں ہندوستان کے ریاستی جبر و تشدد کی پْرزور مذمت کی اور متاثرخاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔معروف ایڈوکیٹ الطاف ملک نے ڈاکٹرعلی الغامدی کی تعریف کی کہ انھوں نے ہمیشہ کشمیرکا پاکستان سے الحاق اورمحصورین منتقلی و آبادکاری کی حمایت کی اور پاکستانی کمیونٹی سے بھر پور محبت کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہواجس کی سعادت محمد علی الغامدی نے حاصل کی۔ نعتِ رسول مقبول زمردخان سیفی نے پیش کی۔ انھوں نے قائد اعظم کو منظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ پی آر سی کے کنوینر سید احسان الحق نے ڈاکٹر علی الغامدی، مہمانان گرامی اور حاضرین کرام کا شکریہ ادا کیا اور مندرجہ ذیل قراردادیں پیش کیں جوحاضرین نے اکثریت سے منظور کرلیں۔                                                                      
(1)کشمیرمیں ہندوستانی مظالم کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق کشمیرمیں رائے شماری کرائی جائے۔ ریاستی ظلم وبربریت کو فوراً بند کرایا جائے۔
(2)وزیر اعظم عمران خان محصور پاکستانیوں کوجلد از جلد شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کریں اوران کی با عزت وطن واپسی
 اورآبادکاری کیلئے پی آرسی کی تجاویز پر عمل کیاجائے۔تقریب کی نظامت کے فرائض سید مسرت خلیل نے سر انجام دیئے۔  
                                                                                                                          
 

شیئر: