Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاست میں پرینکا کی آمد سے کانگریس کو نیا جوش و جذبہ ملے گا، راہول گاندھی

نئی دہلی۔۔۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے سیاست میں قدم رکھنے پر خوشی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ اب پرینکا سیاست میں بھرپور کردار ادا کرینگی ، ان کی آمد سے سیاست میں مثبت تبدیلی پیدا ہوگی۔ پرینکا کوریاست اتر پردیش کانگریس کا جنرل سیکریٹری بنائے جانے کے ساتھ ہی پارٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھیں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ پرینکا کے شوہر رابرٹ واڈرا، دہلی کانگریس کی صدر شیلا دکشت ، ممتاز رہنما کپِل سبل، پارٹی کے سابق خزانچی موتی لال ووراسمیت کئی رہنماؤں نے پرینکاکومبارکباد پیش کی۔راہول گاندھی نے کہا کہ ان کے سیاست میں آنے سے کانگریسی کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگا اور کانگریس پارٹی کو اس کا بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔ وورا نے کہا ہے کہ پرینکا کو اہم ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس کا اثر صرف مشرقی اترپردیش پرہی نہیں بلکہ دوسرے علاقوں پر بھی پڑیگا۔دکشت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پرینکا کا سیاست میں پہلے سے ہی اچھا خاصااثر ہے۔پارٹی کے سینیئر رہنما راجیوشکلا نے پرینکا کی تقرری کو کانگریس کے صدر راہول گاندھی کا ماسٹر اسٹروک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست میں آمد سے کانگریس کو نہ صرف اترپردیش میں فائدہ ہوگا بلکہ قومی سطح پربھی فائدہ ہوگا۔کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پرینکا کی تقرری پر خوشی کا اظہارکر تے ہوئے مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے  جیوتی رادتیہ سندھیا اور کے سی وینوگوپال کو بھی مبارکباد دی۔ دہلی خاتون کانگریس کے صدر شرمشٹھا مکھرجی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  پرینکا کو اہم ذمہ داری دینے کیلئے کانگریس کے صدرمبارکباد کے مستحق ہیں۔دہلی ریاستی کانگریس کے سیکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے پرینکا گاندھی واڈرا کو کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور مشرقی اترپردیش کا انچارج بنائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کا یہ فیصلہ جہاں اترپردیش کانگریس میں نئی جان پھونکے گا وہیں اسے نئی بلندیوں پربھی لے جائے گا۔دراصل لوگوں کو پرینکا گاندھی میں ان کی دادی اور ہردل عزیز سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جھلک نظر آتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی کے بولنے کا انداز اور فیصلہ لینے کی صلاحیت ہوبہو اندرا گاندھی سے مشابہت رکھتی  ہے ان کے سیاسی میدان میں اتر نے سےمخالفین کے چھکے چھوٹ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -  -مدھیہ پردیش: زیادتی کیس کے مجرم کو 10 سال قید کی سزا

شیئر: