Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اسمبلی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں منی بجٹ سے متعلق بحث ہونی تھی تاہم اپوزیشن کی جانب سے گزشتہ روز حکومتی بینچوں کی جانب سے کی گئی تنقید کا جواب دیا گیا۔ اس دوران شور شرابے کی وجہ سے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دوران اجلاس پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہماری قیادت پر لفظی حملے ہوئے، یہی رویہ رہا تو آپ کےلئے ایوان چلانا مشکل ہو جائے گا۔ اس دوران مراد سعید نے تقریر کے دوران بولنا شروع کیا تو اپوزیشن ارکان نے احتجاجاً واک آﺅٹ کر دیا۔ بعد ازاں دوبارہ اجلاس شروع ہونے پر پی ٹی آئی کی ملیکہ بخاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق ترمیمی بل 2019ءایوان میں پیش کیا اور اپوزیشن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی نے بل میں ترامیم پیش کیں اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اہم بل پرتمام اپوزیشن نے اختلافی نوٹ دیا ہے۔ حکومت وضاحت دینے میں ناکام رہی ہے کہ ججز کی تعداد بڑھانے کی کیوں ضرورت پیش آئی۔ بعد ازاں قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی ترامیم مسترد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد سے 6 بڑھا کر 10 کرنے کا ترمیمی بل منظور کر لیا۔ ایوان میں شور شرابے کے باعث اسپیکر نے منی بجٹ پر بحث اور اس کی منظوری کے بغیر ہی اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
 
 

شیئر: