Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ ساہیوال: پنجاب حکومت سے وضاحت طلب

لاہور: ایوان صدر کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ صدر عارف علوی کی سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے کوئی ملاقات طے نہیں تھی، اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ مقتولین کے لواحقین کو صدر سے ملاقات کےلئے اسلام آباد کون لایا۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان سینیٹ کی جانب سے بھی تردید کی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متاثرہ خاندان کو نہیں بلایا اور نہ ہی مقتولین کے لواحقین کی طرف سے ملاقات کا کوئی پیغام موصول ہوا تھا۔ ترجمان سینیٹ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب سے اس معاملے سے متعلق وضاحت لی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو کوئی تکلیف ہوئی ہے تو ان سے معذرت کی جاتی ہے۔ قبل ازیں سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل نے اپنے وکیل کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خاندان کو صدر مملکت عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد بلا کر خوار کیا گیا، اگر وہ نہیں ملنا چاہتے تھے تو بلایا کیوں تھا؟ 
 
 

شیئر: