Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیرپر صرف کشمیریوں کا حق ہے،عارف علوی

  مظفر آباد...صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی سیاستدانوں میں کوئی اختلاف نہیں۔کشمیرپر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔ ہند جتنی کوشش کر لے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔کسی قوم کے جذبات اور احساس کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا ۔برہان وانی جیسے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔اقوام متحدہ، جموں کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجے۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشمیریوں کےلئے ہند کے سامنے 8 مطالبات رکھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ کشمیر میں آزاد ی اظہار رائے دی جائے ۔ وادی میں اسلحے اور نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا وحشیانہ استعمال بند کیا جائے۔ کالے قوانین فوری ختم اور حریت قیادت کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے ۔ ہند انسانی حقوق کے عالمی مبصرین کیلئے کشمیر کے راستے کھولے ۔ عالمی اور سوشل میڈیا کیلئے کشمیر پر سے پابندیاں ختم کرے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہا رکرتے ہیں۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔صدر مملکت نے کہاکہ کسی قوم کے جذبات اور احساس کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا ۔ کشمیری کے جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوںنے کہا کہ باونڈری کمیشن نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کی۔ گورداس پور سمیت مسلم اکثریتی اضلاع پاکستان کو مل جاتے تو مسئلہ کشمیر نہ ہوتا۔انہوںنے کہاکہ ہند جھوٹے دعووں پر کشمیر پر قابض رہا ہے۔ کشمیر میں ہونیوالے ظلم کی ایک ایک تصویر دنیا کے سامنے لانا ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں کبھی کشمیر کے معاملے پر سیاست نہیں کی گئی۔ ہند مذاکرات سے ہمیشہ بھاگ جاتا ہے کیونکہ اسکے پاس دلائل نہیں۔

شیئر: