Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: غیر قانونی فلورز، پورشنز اور دیگر تعمیرات گرانے کا فیصلہ

کراچی:  شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں مزید کارروائیوں کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن اب نئے مرحلے میں داخل ہوگا جس کے لیے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق غیر قانونی فلورز، پورشنز، زیر تعمیر اور غیر رہائشی تعمیرات گرائی جائیں گی۔  آپریشن میں گیس، پانی اور بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی بھی مدد لی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اجازت نامے لے کر تجاوز کرنے والی تعمیرات کی فہرست بنائی جائے گی اور زمین کے استعمال کی تبدیلی کے اجازت ناموں کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ کھیل کے میدانوں پر قبضے اور تعمیرات کی فہرستیں بناکر کاروائی کی جائے گی۔  اس حوالے سے کراچی میں 2003ء کے بعد زمینوں کی تبدیلی کا ریکارڈ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو کے ڈی اے کی تمام اسکیموں کے لیے آؤٹ پلان اور تعمیرات کی معلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق غیر قانونی رہائشی تعمیرات پر سندھ حکومت سے مشاورت کی جائے۔ 3 ماہ میں آپریشن سے پہلے اور بعد کی تمام تصویریں فراہم کی جائیں۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ آپریشن سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی سپریم کورٹ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

شیئر: