Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران میں ہموطن کے سعودی قاتل کا سر قلم، لاش کی بے حرمتی کی تھی

نجران۔۔۔ نجران کے حکام نے اپنے یہاں وحشیانہ انداز سے ہم وطن کے سعودی قاتل اور مدینہ منورہ کے حکام نے اپنے یہاں سعودی شہری کے ہموطن قاتل کے سر قلم کردیئے۔ وزارت داخلہ نے دو الگ الگ اعلامیے جاری کرکے ان کی تفصیلات بتائیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نجران میں سعودی شہری علی بن مانع آل مردف نے اپنے ہموطن یحییٰ بن صالح الیامی کو پہلے دھار دار آلے سے متعد د وار کرکے قتل کیا اس کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی انتہائی بھیانک انداز سے کی۔ چہرے کو بگاڑ دیا ، ناک اور جسم کے مختلف حصے ایک دوسرے سے جدا کردیئے۔ آل مردف واردات کرکے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے سراغ لگاکر اسے گرفتار کرلیا تھا اور فوجداری کی عدالت میں پیش کردیا تھا۔ عدالت نے جرم ثابت ہوجانے پر اسے موت کی سزا سنا دی تھی جسے اپیل کورٹ ، سپریم کورٹ کی توثیق اور ایوان شاہی کی جانب سے عملدرآمد کے فرمان کے اجراءپر بدھ کو نجران میں نافذ کردیا گیا۔ وزارت داخلہ نے دوسرے اعلامیہ میں بتایا کہ مدینہ منورہ میںاحمد بن فواز الرشیدی نے اپنے ہموطن توفیق بن نویجی الرشیدی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ قتل کی واردات سے قبل اجتماعی مار دھاڑ ہوئی تھی۔ احمد الرشیدی واردات کرکے بھاگ گیا تھا۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے بعد اسے جرم ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنا دی تھی جسے مدینہ منورہ کی بڑی جیل میں بدھ کو نافذ کردیا گیا۔ 
 

شیئر: