Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی شوٹرز کو ویزے جاری کرنے سے ہند کا انکار

  نئی دہلی: پلوامہ حملے کا بہانہ بنا کرپاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا دینے سے انکار کے نتیجے میں ہند پابندی کا شکار ہو سکتا ہے ۔ ہند حکومت نے شوٹنگ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا ہے جس پر اس کھیل کی عالمی گورننگ باڈی انٹر نیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے ہندپر پابندی لگانے کا عندیہ دے دیا۔ 2 پاکستانی شوٹرز جی ایم بشیر اور خلیل احمد اور ان کے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کرنا تھی لیکن وہ ایونٹ کی رسمی کارروائیوں کیلئے بر وقت ہند نہیں پہنچ سکے۔ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے ہندوستانی فیڈریشن اور حکومت کو اس اقدام کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ہندمیں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ ایونٹ کی صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے جہاں ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا جاری نہیں کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ فیڈریشن اور ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی پاکستانی ٹیم کو امتیازی سلوک سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے کہا کہ ہم نے ہند کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا تو انہیںنتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور مستقبل میں انہیں عالمی مقابلوں کی میزبانی نہیں دی جائے گی۔ہند نے 2032 اولمپکس اور 2030 ایشین گیمز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اگر وہ شوٹنگ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شرکت سے روکتے ہیں تو انہیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس ایونٹ میں 58 ممالک سے 500 سے زائد شوٹرز حصہ لے رہے ہیں اور یہ 2020 ٹوکیو اولمپکس کا کوالیفائنگ راونڈ بھی ہے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: