Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ بجٹ پیش،اقلیتوں کیلئے 2ہزار کروڑ روپے سے زائد مختص

    حیدرآباد- - - -تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے مالیاتی سال 2019-20 کیلئے ایک لاکھ82ہزار  کروڑ روپے کا  بجٹ پیش کیا۔ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ جملہ بجٹ میں حکومت اثاثی ڈھانچوں‘ آلات کی خریداری کے لئے  32ہزار815کروڑ روپے صرف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آمدنی  ایک لاکھ31ہزار629کروڑ روپے   جبکہ فاضل آمدنی کا تخمینہ 6564کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ مالیاتی خسارہ 27ہزار749کروڑ روپے ہوگا جو مجموعی گھریلو پیداوار کا 2.81فیصد ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اس نے اپنی پہلی میعاد کے دوران مختلف پروگراموں پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ  ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں جاری رہیں گی۔ حکومت انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کے مطابق نئی اسکیمیں متعارف کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تمام طبقات کی متوازن ترقی کا سبب بنے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کے لئے 2004کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ہیں۔ آمدنی اور اخراجات کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ریاست کی آمدنی کا تخمینہ 2019-20ء میں 94ہزار776کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ 2018-19ء میں یہ عدد 72ہزار777کروڑ روپے تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے ایک لاکھ  7ہزار302کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مصارف کو اکاؤنٹنٹ جنرل سے سرٹیفائیڈ کیا گیا ہے یہ مصارف ایک لاکھ  43ہزار133کروڑ روپے ہیں۔ نظرثانی شدہ تخمینہ کے مطابق 2018-19ء کے جملہ مصارف کا تخمینہ 16 لاکھ  51ہزار857کروڑ روپے ہے جس میں سے  ایک لاکھ  19ہزار27کروڑ روپے آمدنی کے مصارف ہیں۔ 25 ہزار53کروڑ روپے اثاثی ڈھانچوں وغیرہ کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ جملہ منصوبہ مصارف   ایک لاکھ  82ہزار17کروڑ روپے ہیں۔ آمدنی کے مصارف  ایک لاکھ  31ہزار629کروڑ روپے‘ اثاثی ڈھانچوں و آلات کی خریداری کے مصارف 32 ہزار 851کروڑ روپے ہیں۔ فاضل آمدنی 6564کروڑ روپے ہے۔ مالیاتی خسارہ 27 ہزار 749کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ اس بجٹ میں زراعت کیلئے 20  ہزار17کروڑ روپے‘ آبپاشی کیلئے 11  ہزار500کروڑ روپے‘ زرعی قرضوں کی معافی کے لئے 6 ہزارکروڑ روپے‘ آسرا وظائف کیلئے 12 ہزار65کروڑ روپے‘ رعیتو بیمہ اسکیم کیلئے 650کروڑ روپے‘ رعیتو بندھو اسکیم کے لئے 12 ہزارکروڑ روپے‘ بیروزگاری الاؤنس 1810کروڑ روپے‘ ایس سی ویلفیر کیلئے 16 ہزار581کروڑ روپے‘ ایس ٹی ویلفیر کے لئے 9827کروڑ روپے‘   ایم بی سی کارپوریشن کے لئے 1000کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

 

شیئر: