Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹر نیشنل اسکول الخبرمیں 52 ویں سالانہ تقسیم انعامات

تعلیم کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ، پاکستانی طلباء ذہین اور باصلاحیت ہیں ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کا تقریب سے خطاب
 
ثناء  بشیر  ۔۔الاحساء
    پاکستان انٹرنیشنل اسکول الخبر میں 52 ویں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ بوائز اینڈ گرلز سیکشن کی الگ الگ تقریبات میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اسکول مینجمنٹ کمیٹی اور اساتذہ نے بھی بھرپور شرکت کرکے بچوں کی حوصلہ افزائی کی جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کی کامیابی کو دیکھ کر خوشی سے سرشار ہوتے رہے۔ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے شرکت کی اور بچوں کی تعلیمی صورتحال اور کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر محمود لطیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ دور جدید میں تعلیم سے ہمکنار ہونا بہت ضروری ہے۔ ترقی یافتہ ممالک سے مقابلہ کرنے کیلئے تعلیمی میدان میں ہماری نسل کو جدید علوم کو جاننا بہت ضروری ہے ۔پاکستانی طلباء نہ صرف ذہین ہیں بلکہ با صلاحیت بھی ہیں ۔ہمیں فخر ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلباء تعلیمی میدان میں بہت آگے ہیں اور ہر سال نمایاں پوزیشن لیکر دیار غیر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اسکول پرنسپل سرفراز حسین نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول میں بچوں کو سائنس لیب کے علاوہ دیگر سہولیات سے بھی آراستہ کیا گیا ہے جبکہ سفارت خانہ پاکستان اور وزارت تعلیم کی مدد سے 2ہزارا سکوائر میٹر کا پلاٹ بھی خریدا گیا ہے جس پر اسکول کی نئی عمارت تعمیر کی جائیگی جس سے تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ سابق سفیر خان ہشام بن صدیق کی جانب سے ایجوکیشن کے میدان میں انقلابی طور پر اصلاحات عمل میں لائی گئیں جس میں سعودی وزارت تعلیم کی مدد بھی شامل حال رہی اور اب الخبر اسکول اس قابل ہو چکا ہے کہ وہ پہلے کی نسبت بچوں کو تعلیم مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس میں طلباء  کی محنت بھی شامل ہے جنہوں نے ہمیشہ اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ تقسیم انعامات کی تقریب میں سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء طالبات میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف فارن اسکول حسن المقبول، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر عبدالرحمان نے بچوں طلباء میں ٹرافیاں، کپ اور میڈل تقسیم کیے جبکہ اسکول کے بچوں کی جانب سے ٹیبلو شوز، ملی نغمے، اسٹیج ڈرامہ بھی پیش کیا گیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا اور داد دی۔
مزید پڑھیں:- - - -دبئی: پیڈ کے تحت چارٹرڈ اکاؤنٹس انسٹی ٹیوٹ کا سیمینار

شیئر: