Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل:پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4وکٹوں سے ہرادیا

دبئی: پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنائے۔ ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی دوسرے ہی اوور میں 9 رنز بنانے کے بعد ابتسام شیخ کا شکار بنے۔فلپ سالٹ اور ڈیلپورٹ نے 46 رنز کی شراکت قائم کی، آندرے فلیچر نے ابتسام شیخ کی ہی گیند پر سالٹ کا بہترین کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا وہ 28 رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن ڈیلپورٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر 71 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 8 چوکے شامل تھے۔چیڈوک والٹن نے 22 اور آصف علی نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فہیم اشرف 9 رنز بنا سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور ابتسام شیخ نے 2،2 جبکہ عمید آصف اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا ، کامران 19 رنز کی اننگز کھیل کر ظفر گوہر کا شکار بنے جبکہ فلیچر کو 21 رنز پر شاداب خان کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد شاداب کا شکار بنے، عمر امین کی اننگز صرف 6 رنز تک محدود رہی اور پچھلے میچ کے ہیرو کیرن پولارڈ بھی صرف ایک رنزبنا سکے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور لیام ڈاسن کے درمیان شاندار شراکت سے پشاور میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔ ڈیرن سیمی 40 رنزبناکر آوٹ ہوئے اور لیام ڈاسن 52 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ظفر گوہر اور شاداب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو   نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: