Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کیلئے کراچی نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل میچزکیلیے تقریبا تیار ہو چکا، تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا، چھتوں کی صرف 30فیصد تنصیب باقی ہے، سیکیورٹی فورسز بھی مستعد ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کو7سے 17 مارچ تک فائنل سمیت پی ایس ایل کے 5میچز کی میزبانی کرنا ہے، وینیو پر جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ ڈریسنگ روم، چیئرمین باکسز اور میڈیا سینٹر تیار ہوچکے ہیں۔ کئی انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ دیگر میں نشستوں پر رنگ وروغن کیا گیاہے۔ نیشنل اسٹیڈیم خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے، سب سے بڑا چیلنج چھتوں کا تھا وہاں70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔میدان بھی ہرا بھرا نظر آرہا ہے ۔دوسری جانب سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔ریذیڈنٹ انجینئر عمران زبیری نے کہاکہ زیادہ تر کام بالکل آخری مراحل میں ہے اور1،2روز میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا، چھتوں پر لگائے جانے والے میٹریل کی آخری کھیپ کراچی پہنچ چکی ہے، اس کو فوری طور پر نصب کردیا جائے گا جو تھوڑا بہت کام رہ گیا ہے اس میں قطعی طور پر تاخیر نہیں ہوگی۔ایک سوال پر انھوں نے اعتراف کیا کہ تعمیراتی کام کی وجہ سے اسٹیڈیم کے صدر دروازے کے باہر کا ماحول اچھا تاثر نہیں دے رہا، اس کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کا کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: