Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد مملکت کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل تھا ، کمیونٹی

 اربوں ڈالر کے منصوبوں   سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا ، شہزادہ محمد نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیکر سب کے دل جیت لئے ،  علی مرتضیٰ  کے عشایٔہ میںشرکاء     کا اظہار خیال
محمد عامل عثمانی۔مکہ مکرمہ
      ڈاکٹر علی مرتضیٰ کی رہائش پر منعقدہ عشائیہ       میں شرکاء نے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ رہے ہیں جن میں ہر گزرتے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوررس نتائج برآمد ہونگے اور پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی   ۔ انجینیئرعبدالرزاق  دارووالا نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ  پاکستان قطعاً غیر سیاسی تھا مگر اسکے سیاسی اثرات  بھی بہرحال مرتب ہوئے ہیں۔ حکومت کو 7 ماہ بعد پہلی بار سر اٹھانے کا موقع ملا ہے۔ سیاسی مخالف  سعودی ولی عہد کے احترام پر خاموش ہو گئے ہیں۔ اربوں ڈالر کے منصوبوں کے اعلان سے امیدوں کے چراغ روشن ہو گئے   اور مخالفوں کے الزامات پر اوس پڑ گئی  ۔ڈاکٹر محمد رئیس قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین مزید قربتوں اور تعلقات میں مزید گرم جوشی کا باعث ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کے استحکام اور خطے میں امن کے قیام کے لئے ممد ومعاون ثابت ہو گا۔ محمد خالد خان  نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستان کو دوسرا گھر اورخود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر قرار دینا ان کی پاکستان سے محبت  اور قلبی لگائو کی عمدہ مثال ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ممالک نے تاریخی تعلقات کے مزیداستحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے میزبان  ڈاکٹر  علی  مرتضیٰ    نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان  کے وزیر اعظم عمران خان سے  قربت ، مسکراہٹوں کے تبادلے سے گفتگو میں خاص التفات ظاہر ہو رہا تھا۔ ان کا ایک فقرہ ’’ہم سرمایہ کاری کے لیے قابل اعتماد پارٹنر کی تلاش میں تھے جو موجودہ حکومت کی صورت میں میسر آ گیا ہے‘‘ اور یہ جملہ’’ موجودہ حکومت کیلئے بہت ہی  خوش بختی کی علامت  ہے‘‘  قابل تعریف ہیں۔  وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  سعودی ولی عہد کا یہ جملہ بہت ہی حوصلہ کن ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے بہترین مستقبل پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مزید کردار ادا کرتا رہے گا۔ عشائیہ میں  ڈاکٹر روشن لاکھیو بھی شریک رہے۔ڈاکٹر علی مرتضیٰ وسطڑو  نے آخر میں تمام دوستوں  کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔
 
مزید پڑھیں:- - - -او آئی سی کے پہلے سیشن کا بائیکاٹ خوش آئند

شیئر: